Saturday, 30 November 2024
  1.  Home
  2. Javed Chaudhry
  3. Dr. Saeed Akhtar Ki Kahani

Dr. Saeed Akhtar Ki Kahani

ڈاکٹر سعید اختر کی کہانی

ڈاکٹر رفیق آرائیں میرے بہت پرانے دوست ہیں، میری ان سے پہلی ملاقات 1996ء میں ہوئی، یہ ملاقات دوستی میں تبدیل ہوئی اور یہ دوستی آج تک قائم ہے، یہ دنیا کے ان محدود لوگوں میں شامل ہیں جن سے آپ کو کبھی نقصان نہیں ہوتا، جو ہمیشہ آپ کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں ، ڈاکٹر رفیق آرائیں نے 2012ء میں ڈاکٹر سعید اختر سے میرا رابطہ کرایا، یہ دونوں پاکستان میں کڈنی ٹرانسپلانٹ کا پہلا چیریٹی اسپتال بنانا چاہتے تھے اور یہ اس کے لیے جگہ تلاش کر رہے تھے، مجھے ڈاکٹر سعید اختر کی کہانی نے بہت انسپائر کیا، میں کئی ہفتے خمار میں رہا۔

ڈاکٹر سعید اختر کے والد خانیوال کی مارکیٹ کمیٹی میں ملازم تھے، ان کے بڑے بھائی ائیر فورس میں ملازم ہو گئے، یہ کراچی پوسٹ ہوئے تو یہ جاتے ہوئے سعید اختر کو بھی ساتھ لے گئے، ڈاکٹر سعید اختر نے سندھ میڈیکل کالج سے 1983ء میں ایم بی بی ایس کیا اور اعلیٰ تعلیم کے لیے باہر جانے کا فیصلہ کر لیا، خاندان افورڈ نہیں کر سکتا تھا چنانچہ یہ اسکالرشپ تلاش کرنے لگے، جنیوا سے ایک اسکالر شپ آیا، ڈاکٹر سعید اختر نے اس اسکالرشپ پر امریکی ریاست کنیکٹی کٹ کی مشہور درسگاہ ییل یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا، ییل 3 سو17 سال پرانی یونیورسٹی ہے۔

یونیورسٹی کے60 لوگوں نے نوبل انعام حاصل کیا، یہ دنیا میں 16 ویںنمبر پر آتی ہے اور اس کا میڈیکل کالج دنیا کی شاندار ترین طبی درسگاہوں میں شمار ہوتا ہے، ڈاکٹر سعید اختر امریکا اترے اور امیگریشن آفیسر کو بتایا "میں ییل یونیورسٹی کا طالب ہوں" تو امیگریشن آفیسر نے کاؤنٹر سے باہر آ کر ان سے ہاتھ ملایا، ڈاکٹر صاحب علم کی یہ قدر دیکھ کر حیران رہ گئے، یہ امریکا میں ان کی پہلی حیرت تھی، دوسری حیرت یونیورسٹی کا ماحول تھا، ڈاکٹر صاحب کو نوبل انعام یافتہ پروفیسروں کی سادگی، محبت، شفقت اور علم سے لگاؤ نے حیران کر دیا، یہ پروفیسر رابرٹ شوق،ڈاکٹرالفریڈ ایون اور ڈاکٹرنینسی ریڈل جیسے بین الاقوامی ماہرین کو سلام کرتے تھے تو یہ ان کا ہاتھ پکڑ کر انھیں کافی شاپ میں لے جاتے تھے اور یہ جب تک پوچھتے رہتے تھے، یہ انھیں بتاتے رہتے تھے، ڈاکٹر صاحب نے ییل یونیورسٹی سے پبلک ہیلتھ میں ماسٹر کیا، یہ سرجن بننا چاہتے تھے چنانچہ یہ ایم اے کرنے کے بعد نیویارک چلے گئے اور Maimonides میڈیکل سینٹرمیں داخلہ لے لیا، یہ وہاں چھ سال سرجری سیکھتے رہے۔

یہاں تک کہ یہ یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ سرجری کے ماہر ہو گئے، ٹیکساس ریاست کی ٹیکساس ٹیک یونیورسٹی میں یورالوجی ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین کے لیے پوسٹ نکلی، ڈاکٹر سعید اختر نے انٹرویو دیا اور یہ سلیکٹ ہو گئے، یہ شعبے کی تاریخ کے نوجوان ترین چیئرمین تھے، ڈاکٹرصاحب کو وہاں ہیلتھ مینجمنٹ سیکھنے کا موقع ملا، ڈیپارٹمنٹ کیسے بنائے جاتے ہیں، لوگ کیسے سلیکٹ کیے جاتے ہیں، آلات کہاں سے اور کیسے خریدے جاتے ہیں اور پی سی ون کیسے بنایا اور مکمل کیا جاتا ہے وغیرہ وغیرہ۔

ڈاکٹر صاحب کو وہاں یہ تمام چیزیں سیکھنے کا موقع ملا، اللہ تعالیٰ نے ڈاکٹر صاحب کو ڈاکٹر بننے اور 12 سال کی اعلیٰ تعلیم کے بعد خوش حالی سے بھی نوازا، لوبوک کاؤنٹی( Lubbock County) میں ان کا شاندار گھر تھا، یہ فلائنگ کے شوقین تھے، انھوں نے دو چھوٹے جہاز بھی خرید لیے اور یہ بڑی گاڑیوں کے بھی مالک بن گئے چنانچہ لائف بیسٹ ہو گئی، یہ ہر طرف سے سکھ میں آ گئے لیکن پھر ایک عجیب واقعہ پیش آیا اور ان کی زندگی 180 ڈگری پر تبدیل ہو گئی۔

ڈاکٹر سعید اختر کے ٹاؤن لوبوک سے ساٹھ کلو میٹر کے فاصلے پر کینن ( Canon) ائیر بیس تھا، یہ امریکا کا مرکزی ائیر بیس ہے،1991ء کی گلف وار کے دوران اس ائیر بیس سے پائلٹس اور ائیرفورس کا عملہ سعودی عرب گیا تھا، یہ لوگ طویل عرصہ سعودی عرب میں رہے، حجاز مقدس کے قیام کے دوران بے شمار پائلٹس اور عملہ مسلمان ہو گیا، یہ لوگ امریکا واپس آنے کے بعد جمعہ پڑھنے کے لیے لوبوک کی مسجد میں آتے تھے، ڈاکٹر سعید اختر کی ان سے ملاقاتیں شروع ہوئیں تو پتہ چلا یہ اصل مسلمان ہیں، وہ لوگ اخلاقیات اور معاملات میں صحابہ کرامؓ جیسے تھے، قول کے پکے، وعدے کے پورے اور سچے اور کھرے، وہ لوگ غیبت کرتے تھے اور نہ چغلی،وہ آہستہ بولتے تھے، آہستہ چلتے تھے اور ہمیشہ دوسروں کی مدد کرتے تھے۔

ڈاکٹر سعید اختر نے ان کی دیکھا دیکھی قرآن مجید، سیرت اور احادیث کا مطالعہ شروع کیا اور پھر یہ اندر سے تبدیل ہو گئے، ڈاکٹر صاحب کو اسلام کے مطالعے سے پتہ چلا دین کے دو حصے ہیں، عبادات اور مخلوق کی خدمت، ہم مسلمان عبادات پر زیادہ توجہ دیتے ہیں لیکن ہم مخلوق کی خدمت میں مار کھا جاتے ہیں، یہ نکتہ انھیں لڑ گیا اور انھوں نے مخلوق کی خدمت کا فیصلہ کر لیا، یہ جانتے تھے پاکستان میں گردوں کے امراض میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے، ملک میں ٹرانسپلانٹ کی ٹیکنالوجی بھی موجود نہیں، مریض یورپ اور امریکا آتے ہیں یا پھر بھارت جاتے ہیں اور اس پر کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔

عام آدمی یہ افورڈ نہیں کرسکتا چنانچہ یہ سسک سسک کر مر جاتا ہے، یہ حقیقت ڈاکٹر صاحب کو 2000ء میں امریکا سے پاکستان گھسیٹ لائی، یہ اسلام آباد آئے اور شفاء انٹرنیشنل میں کام شروع کر دیا، یہ امریکا میں پریکٹس کے عادی تھے، امریکا میں مریض صرف مریض ہوتا ہے، یہ غریب یا امیر نہیں ہوتا، یہ اسپتال جاتا ہے اور ڈاکٹر اس کا علاج شروع کر دیتا ہے، علاج کے بعد سوچا جاتا ہے مریض کے اخراجات ذاتی اکاؤنٹ سے ادا ہوں گے، انشورنس کمپنی دے گی یا پھر حکومت ادائیگی کرے گی لیکن پاکستان میں بالکل مختلف سسٹم تھا، شفاء انٹرنیشنل ایک پرائیویٹ اسپتال تھا، یہ مہنگا تھا اور غریب مریض یہ مہنگا علاج افورڈ نہیں کر سکتے تھے۔

ڈاکٹر صاحب نے چند دن بعد اپنے پی اے کو بلا کر کہا" آپ کسی مریض کو واپس نہ بھجواؤ، وہ غریب ہے یا امیر اسے سیدھا میرے پاس آنے دو" یہ حکم دینے کی دیر تھی، ڈاکٹر سعید اختر کے پاس لائین لگ گئی، یہ روز چالس پچاس مریض مفت دیکھنے لگے لیکن یہاں ایک اور مسئلہ پیدا ہو گیا، گردے کے امراض صرف دوا تک محدود نہیں ہوتے،نوے فیصد کیسوں میں آپریشن ضروری ہوتا ہے۔

آپریشن ایک مہنگا کام ہوتا ہے اور پرائیویٹ اسپتال یہ سہولت مفت فراہم نہیں کر سکتے چنانچہ مائیں آتی تھیں اور اپنے بچے ڈاکٹر صاحب کی جھولی میں ڈال کر رونا شروع کر دیتی تھیں، جوان مریض ڈاکٹر صاحب کے پاؤں پکڑ لیتے تھے اور بوڑھے ہاتھ جوڑ کر سامنے کھڑے ہو جاتے تھے، ڈاکٹر صاحب سے ان کا یہ دکھ دیکھا نہیں جاتا تھا،ڈاکٹر صاحب نے یہ حالات دیکھے تو پتہ چلا بیماری اللہ تعالیٰ کا سب سے بڑا امتحان ہوتی ہے لیکن جب بیماری کے ساتھ غربت مل جائے تو یہ امتحان عذاب میں تبدیل ہو جاتا ہے، اللہ تعالیٰ کے رسولؐ نے شاید اسی لیے غربت سے پناہ مانگی تھی، ڈاکٹر صاحب روز اپنی کھلی آنکھوں سے اس عذاب کا مظاہرہ دیکھتے تھے، ان دنوں ایک اور واقعہ پیش آیا، اس واقعے نے ڈاکٹر صاحب کو ہلا کر رکھ دیا، ڈاکٹر صاحب کے پاس 25 سال کا ایک نوجوان لڑکا آیا، اس کے گردے پر کینسر تھا، یہ کینسر قابل علاج تھا، ڈاکٹر صاحب نے نوجوان سے کہا، آپ کی معمولی سی سرجری ہو گی اور آپ اس کے بعد مکمل صحت مند زندگی گزاریں گے۔

وہ نوجوان چلا گیا، وہ چھ ماہ بعد دوبارہ آیا تو کینسر اس کے جگر، پھیپھڑوں اور حلق تک پہنچ چکا تھا، وہ ناقابل علاج ہو چکا تھا، ڈاکٹر صاحب نے غصے سے نوجوان سے پوچھا "تم نے سرجری کیوں نہیں کروائی" نوجوان نے روتے ہوئے بتایا "میں یہاں سے نکل کر بزنس آفس میں گیا، میں نے آپ کی رسید دکھائی تو انھوں نے بتایا آپریشن پر لاکھ روپے خرچہ آئے گا، میں اتنی رقم کا بندوبست نہیں کر سکتا تھا چنانچہ میں گھر واپس چلا گیا"۔ ڈاکٹر صاحب کو بہت افسوس ہوا اور انھوں نے نوجوان سے کہا، بندہ خدا تم کم از کم میرے پاس آ جاتے، میں تمہارا کوئی نہ کوئی بندوبست کر دیتا، نوجوان نے جواب دیا، میں بہت مایوس ہو گیا تھا۔

ڈاکٹر صاحب کو محسوس ہوا یہ فیل ہو گئے ہیں، یہ یہاں کچھ نہیں کر سکیں گے، ڈاکٹر صاحب کے بقول "میں نے سامان باندھا اور امریکا واپس جانے کا فیصلہ کر لیا لیکن پھر قرآن مجید نے راستہ روک لیا، میرے اندر سے آواز آئی، تم اللہ کی خوشنودی کے لیے یہاں آئے تھے، کیا تم اللہ کے حکم کو درمیان میں چھوڑ کر چلے جاؤ گے"۔ میں نے اپنا ارادہ تبدیل کر لیا، میں نے سامان کھولا اور میں شفاء انٹرنیشنل کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر ظہیر کے پاس چلا گیا، میں نے ان سے درخواست کی آپ مجھے اسپتال کے چار بیڈز، آئی سی یو، ایکسرے اور ڈائیلاسز کی سہولت اور آپریشن تھیٹر دے دیں، میں آپ کو "کاسٹ پرائس" دے دوں گا، ڈاکٹر ظہیر نے پوچھا ،آپ ان کا کیا کریں گے، میں نے بتایا،میں ضرورت مند مریضوں کا مفت علاج کروں گا، ڈاکٹر صاحب مان گئے، مجھے چار بیڈز اور دوسری سہولتیں مل گئیں، یہ سہولت آگے چل کر پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کی بنیاد بن گئی۔

ڈاکٹر سعید اختر اس ارینجمنٹ کے بعد سال میں دو ماہ کے لیے امریکا جاتے تھے، امریکا میں ایک ماہ پرائیویٹ پریکٹس کرتے تھے، مریض دیکھتے تھے، آپریشن کرتے تھے اور ایک ماہ میں اتنی رقم کما لیتے تھے جو خاندان کے سال بھر کے نان نفقے کے لیے کافی ہوتی تھی،یہ اس کے بعد دو ہفتے کڈنی اور ٹرانسپلانٹ پر کانفرنسیں اور لیکچر لیتے تھے، نئی ٹیکنالوجی سیکھتے تھے اور پھر دو ہفتے پورے امریکا میں فنڈ ریزنگ کرتے تھے، یہ فنڈ ریزنگ سے چھ سات لاکھ ڈالر اکٹھے کر لیتے تھے اور یہ اس کے بعد اس رقم سے دس ماہ غریب مریضوں کا مفت علاج کرتے تھے، یہ سلسلہ 2012ء تک چلتا رہا لیکن پھر مریض بڑھ گئے، وسائل کم پڑ گئے اور یہ بے بس ہو گئے، یہ اس بے بسی میں دوبارہ ڈاکٹر ظہیر کے پاس گئے لیکن ڈاکٹر ظہیر نے انھیں اس بار مایوس کر دیا۔

آپ ڈاکٹر سعید اختر کی کہانی کا اگلا حصہ کل ملاحظہ کریں۔

About Javed Chaudhry

Javed Chaudhry is a newspaper columnist in Pakistan. His series of columns have been published in six volumes in Urdu language. His most notable column ZERO POINT has great influence upon people of Pakistan especially Youth and Muslims of Pakistan. He writes for the Urdu newspaper Daily Express four time a week, covering topics ranging from social issues to politics.

Check Also

Aik Nazar Idhar Bhi

By Professor Inam Ul Haq