Saturday, 11 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Toqeer Bhumla
  4. Niccolo Machiavelli, The Prince

Niccolo Machiavelli, The Prince

نکولو مکیویلی، دی پرنس

کوئی بادشاہ یا حکمران اپنی ذاتی خوبیوں اور صلاحیتوں کے بل بوتے پر اپنے اقتدار اور اختیار کو قائم نہیں رکھ سکتا۔ اس لیے طاقت اور منافقت کا استعمال ناگزیر ہے۔ منافقوں کا ٹولہ ہر وقت اپنے ساتھ رکھیں، اور ان میں سے نو آموز لوگوں کو اچھی طرح سے منافقت اور چاپلوسی کی تربیت دیں، کیونکہ یہی لوگ آپ کی ایسی دفاعی فوج کا کردار ادا کریں گے جو عوام کے غیض و غضب کا سامنا کرکے انہیں ٹھنڈا رکھتے ہیں۔

وہ ہر جگہ آپ کی دانشمندی کا تذکرہ کریں گے خواہ آپ سب سے بڑے احمق ہی کیوں نہ ہوں، اور آپ کو اعلٰی حسب و نسب والا ثابت کریں گے خواہ آپ سب سے ذلیل اور گھٹیا ہی کیوں نہ ہوں، اور آپ کی حقیر باتوں کے جواز میں ہزار فلسفے پیش کریں گے، اور وہ آپ کی بدترین حکمرانی اور انسان دشمن پالیسیوں کو درست ثابت کرنے اور رائے عامہ ہموار کرنے کے لیے بڑھ چڑھ کر پورے جوش و جذبے سے کام کریں گے۔ آپ جتنا زیادہ ناانصافی پر قائم رہیں گے وہ اتنی ہی شدت سے بادشاہ کی بڑائی بیان کرنے میں حد درجہ تک مبالغہ آرائی کریں گے۔

بدلے میں انہیں کچھ معمولی مراعات دے دیں جس سے وہ خود کو دیگر لوگوں سے برتر محسوس کریں۔

شہزادے، لیکن ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں، خواہ کیسی ہی صورتحال کیوں نہ ہو انہیں اپنا حقیقی دوست یا مشیر نہ سمجھ لینا، اور نہ ہی ان سے کبھی مشورہ لینا، کیونکہ ان کی نصیحت سراسر دھوکہ دینے والی ہوتی ہے، اور ان کا مشورہ تمہیں فوراً بلندیوں سے پستیوں میں دھکیل دے گا اور تمہاری عزت دو کوڑی کی بھی نہیں رہے گی۔ تنہائی میں ان کے ساتھ حقارت آمیز رویہ رکھو اور انہیں احساس دلاتے رہو کہ وہ تمہارے ٹکڑوں پر پل رہے ہیں لیکن دوسروں کے سامنے ان کی قدر و اہمیت کو کم کرنے کی کوشش نہ کرنا، اپنے اور ان کے درمیان واضح ایک حد بنا دو کہ کسی بھی صورت میں اسے تجاوز نہ کریں۔

حکمرانی پر آپ کا اختیار کمزور ہو اور آپ کی بادشاہت گرنے کے قریب ہو جائے یا پھر تخت یا تختہ کی جنگ میں آپ سے زیادہ طاقتور حریف سامنے آ جائے تو یاد رکھنا یہی منافقوں کا ٹولہ آپ کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن جائے گا، ان کی وفاداریاں ایک ہی لمحے میں بدل جائیں گی اور وہ آپ کے حریف کے ساتھ مل کر آپ کے سخت ترین دشمن بن جائیں گے۔ وہ آپ کے تخت و تاج کو ایک لمحے میں اس شخص کو بیچ دیں گے جو انہیں سب سے زیادہ ادائیگی کرے گا، اور آپ کے بعد آنے والوں کو آپ کے جانے پر افسوس کے بغیر وفاداری اور اطاعت کی پیشکش کریں گے۔

اے شہزادے، آپ کو ذلیل، متکبر اور منافق لوگوں میں فرق کرنا سیکھنا ہوگا۔

منافقین کا گروہ تمام سلطنتوں میں بادشاہوں کے اردگرد ہمہ وقت موجود رہتا ہے اور جہاں حاکم رہتا ہو یہ اس کے محل کی دیواروں کے سائے میں ہی رہائش پذیر ہوتے ہیں۔ جو لوگ منافقت کرتے ہیں وہ انسانوں میں سب سے زیادہ حقیر ہیں اور قدرت نے ان کو بادشاہ کی خدمت کے لیے پیدا کیا ہے جس طرح اس نے کتے کو چرواہے کی خدمت کے لیے پیدا کیا ہے۔

Check Also

Sher Aur Bandar Shehr Ke Andar

By Javed Ayaz Khan