Wednesday, 15 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Raja Najm Ul Hassan
  4. Akhri Khat

Akhri Khat

آخری خط

یہ نوجوان نسل کے لیے میرا آخری خط ہے۔ آپ سے میری خط و کتابت کبھی نہیں رہی۔ مگر وقت کا تقاضا ہے اور میں مجبوراً یہ خط لکھ رہا ہوں۔ مجھے معلوم ہے آپ سب بہت مصروف ہیں اسی وجہ سے میرے پہلے خط کو ہی آخری خط سمجھیں۔ اس کے بعد میرا ایسا کوئی پیغام نہیں آئے گا۔

رات بھر یہی سوچتا رہا کہ یہ خط خود نہ لکھو کسی سے لکھوا لوں۔ انور مقصود صاحب اور سہیل وڑائچ صاحب بھی تو قائد اعظم اور فیض احمد فیض سے خط لکھوا لیتے ہیں۔ مگر اس خیال نے پاؤں کی زنجیر بن کر روک لیا کہ ان عظیم شخصیات کو تکلیف نہ دے جائے تو بہتر ہے اور غالب امکان ہے کہ وہ مجھ سے پہلے خطوط کا جواب طلب کریں گے۔

معزز قارئین میں علاقہ تھل کا ایک عام نوجوان ہوں اور آج اپنے جیسے نوجوانوں سے مخاطب ہونا چاہتا ہوں۔ میری دانست کہتی ہے کہ ہم سب نوجوانوں کے مسائل مشترکہ ہیں۔ اس وجہ سے یہ آخری خط آپ احباب کی نظر پیش کرتا ہوں۔

اسلام علیکم

تمہید کا وقت نہیں اپنے مدعا پر آتا ہوں۔ جیسا کہ آپ سب کو معلوم ہے کہ تین مسائل اس وقت نوجوان نسل میں سرفہرست ہیں۔ اول معاش، دوم صحت اور سوم محبت۔ دوستوں ہم سب نوجوان ان تین مسائل میں سے ایک نہ ایک مسئلے کا شکار ہیں۔ معاش کا مسئلہ باقی دو مسائل کی جڑ ہے۔ اب اس کو حل کرنا ہماری ذاتی ذمہ داری ہے۔ آئیں اس مسئلے کا حل سوچتے ہیں۔ میری فہم یہ کہتی ہے کہ معاش کے جدید ذرائع پر توجہ مرکوز کی جائے۔ اس میں نئے ابھرنے والی ٹیکنالوجیز نہایت قابل ذکر ہیں۔ پھر اس میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی بہت دھوم ہے۔ ابھی آپ اس کے کورسز بہت آسانی سے کرسکتے ہیں اور اس مقصد کے لیے یوٹیوب بہترین پلیٹ فارم ہے۔ اس پر ڈاکٹر ذیشان الحسن عثمانی صاحب کا چینل موجود ہے جہاں آپ اس ٹیکنالوجی کے متعلق معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

دوسرا حل یہ ہے کہ ہم زراعت کی جدت کو اپنائیں کیونکہ دنیا میں خوراک کی اہمیت کو کبھی کم نہیں کیا جاسکتا ہے اور تقریباً ہر ملک کی ضروریات میں اشیاء خور و نوش شامل ہوتی ہیں۔ اس میں آسٹریلیا کی زرعی تحقیق اور ٹیکنالوجی معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ جب اس طرح ہم مسئلہ معاش حل کر لیں گے تو صحت اور محبت کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ لیکن صحت کے متعلق ہم یہ دعویٰ نہیں کرسکتے کہ آپ ہمیشہ صحت مند اور تندرست رہیں گے آپ کسی بھی بیماری یا حادثے کی صورت میں صحت کے مسائل سے دوچار ہو سکتے ہیں۔ یہاں ریاست کی زمہ داری آتی ہے کہ اتنے ٹیکس لینے کے بدلے آپ کو صحت کی مکمل سہولیات فراہم کرے۔ باقی سگریٹ نوشی اور دیگر مضر صحت اشیاء کے استعمال سے پرہیز کریں۔

تیسرا مسئلہ بہت اہم ہے کیونکہ اس کا تعلق ہمارے ظاہر سے زیادہ باطن سے ہے۔ محبت ایک جذباتی مسئلہ ہے۔ مجھے اس وقت بہت ہنسی آتی ہے جب لوگ کہتے ہیں وہ محبت میں جذباتی ہو جاتا ہے۔ بھائی محبت مسئلہ جب جذباتی ہے تو وہ جذباتی کیوں نہ ہو؟ محبت کی کئی اقسام ہیں یہ آپ نے اکثر سنا ہوگا لیکن محبت کی کوئی بھی قسم نہیں ہے۔ محبت واحد احساس ہے اور اس احساس کو جس چیز سے جوڑ دو یہ اسی سے منسوب ہو جاتی ہے۔ اپنے اللہ سے جوڑ دو تو عشق حقیقی بن جاتی ہے اور ماں باپ سے جوڑ دو تو شفقت بن جاتی ہے، بہن بھائیوں سے جوڑو تو انس بن جاتی ہے اور کسی اجنبی مخالف جنس انسان سے جوڑ دو تو عشق مجازی بھی بن جاتی ہے۔ ان درجات پر محبت مسائل کا شکار رہتی ہے اور یہ واحد مسئلہ ہے جس کا حل بھی فقط محبت ہی ہے۔

میں آپ سے معذرت خواہ ہوں کہ آخری خط طوالت کی طرف گامزن ہو رہا ہے اور آپ کے پاس وقت کی شدید قلت ہے۔ بس ایک بار میرا خط پڑھ لیجئے گا۔ کیونکہ کل کو علامہ اقبال صاحب کا خط بھی آسکتا ہے اور آپ مجھے خدشہ ہے کہ آپ میرے خط کو نظر انداز کر دیں گے۔

بہت سی نیک خواہشات کے ساتھ اللہ حافظ۔

Check Also

190 Million Pound Ki Kahani

By Najam Wali Khan