Tuesday, 26 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Qadeer Ahmad Albani
  4. Kya Quran Mein Yehi Aik Hukum Hai?

Kya Quran Mein Yehi Aik Hukum Hai?

کیا قرآن میں یہی ایک حکم ہے؟

قرآن کریم اللہ تعالیٰ کا آخری کلامِ پاک ہے، اور حضرت محمد ﷺ کا معجزۂ اور انسانی زندگی کے لیے آسمانی دستور ہے۔ قرآن کریم ہی تمام جن و انس کے لیے ذریعہ ہدایت اور رحمت کا خزانہ ہے، جو بھی اس کے احکامات پر عمل پیرا ہو، اُسے اللہ تعالیٰ دنیا اور آخرت کی بھلائی عطا کرتا ہے اور جو اِسے پسِ پشت ڈالتا ہے اُسے ذلت و رسوائی سے دوچار کر دیتا ہے۔ اِسے پڑھنے کا ثواب اتنا ہے کہ ایک ایک حرف پڑھنے سے دس دس نیکیوں کا اجر ملتا ہے۔

اسلام دنیا کا وہ واحد مذہب ہے جس نے اپنے پیروکاروں کی اخلاقی اور روحانی دونوں اعتبا ر سے تربیت کی۔

قرآن کریم کا موضوع "انسان" ہے تو اس میں انسان کے لئے ہر حوالے سے احکامات موجود ہیں جس پر وہ عمل کر کے اپنی زندگی کو خوشگوار اور پرسکون طریقہ کے مطابق بسر کر سکتا ہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہم مسلمانوں نے خاص طور پر اس آخری الہامی کتاب کے احکامات پر عمل کرنا تقریباََ چھوڑ ہی دیا ہے جس کی وجہ سے ہم بحیثیت مسلمان گھمبیر مسائل کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔ قرآن مجید میں بیان کردہ احکامات ہر دور کے لئے یکساں ہیں اور اس میں درج احکامات پر کسی بھی لمحے انسان عمل کر کے اپنی اُخروی نجات کو ممکن بنا سکتا ہے۔

قرآنی احکامات اُن تمام پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہیں جن سے ہر دور کے انسان کو واسطہ پڑتا ہے۔ آج اسی حوالے سے میں ان احکامات کا خاص طور پر ذکر کروں گا جس کی وجہ سے میں اس کالم کو لکھنے پر مجبور ہوا۔ قرآنی احکامات اگر ہم آج کی اپنے ملکی گندی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیں تو یہ احکامات ہم سب کی ہدایت کے لیئے بےحد کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔ جیسے جیسے وقت گزرتا گیا ویسے ویسے مسلمان اپنے دین سے دور ہونے لگا اور آج حالات اس نہج پر آ گئے کہ وہ دیگر غیر مسلم مذاہب کے پیروکاروں کے ہاتھوں ذلیل و رسوا ہونے لگا۔

گزشتہ دنوں سے ایک طرف عمران خان اور عائلہ مَلک کی مُلک میں مبیّنہ ایک غیر اخلاقی گفتگو کی آڈیو کی سرگوشیاں ہر عمر کے اور ہر جنس سے تعلق رکھنے والوں کی مجالس میں زیر بحث ہے، تو دوسری طرف عمران خان اپنے اس گناہ پر شرمندہ ہونے اور توبہ کرنے کی بجائے قوم کو یہ تبلیغ کرتے پایا گیا کہ قرآن میں حکم ہے کہ "دوسروں کے عیبوں پر پردہ ڈالو" مزید یہ بھی کہا کہ "دین بھی ہمیں یہی حکم دیتا ہے"۔

سب سے پہلے تو میں یہ واضع کر دوں کہ میرے ایک محتاط علم کے مطابق قرآن میں کہیں بھی ایسا کوئی حکم یا اس طرح کی کوئی آیت موجود نہیں ہے بلکہ یہ حدیث مبارکہ کے الفاظ ہیں۔ دوسرا عمران خان نے کہا کہ "دین بھی ہمیں یہی حکم دیتا ہے" ہاں دین ہمیں یہی حکم دیتا ہے کہ دوسروں کے عیبوں پر پردہ ڈالنے کے ساتھ دوسروں کو لعن تعن کرنا، کسی کی ٹوہ لگانا، کسی مسلمان کا مذاق اڑانا، برے ناموں یا برے القابات سے پکارنا۔

کسی کے بارے اپنے دل میں بدگمانیاں پیدا کرنا، کسی کے بارے تجسُس رکھنا چُغلخوری اور غیبت کرنے کے ساتھ قرآن مجید میں شرک، زنا، جھوٹ، جادو، گالی دینا، نشہ شراب نوشی، کسی بے گناہ جان کو قتل کرنا، کسی پر جھوٹے الزام لگانا، رشوت لینا یا دینا، دین کی بنیادی اساس کو اپنی سوچ، ذاتی علم اور خیالات سے تبدیل کرنا، کسی کو دھوکا اور فریب دینا، کسی پر ظلم کرنا۔

معاشرہ میں ناچ گانے اور بےحیائی پھیلانا و دیگر اور بھی کئی واضع احکامات کے علاوہ سب سے بڑھ کر ہمارے پیارے آقا حضرت محمد ﷺ کو خاتم النبین کی شہادت دینا یہ ہیں دین کے بنیادی احکامات۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ہمارے مُلک میں موجود سیاسی جماعتوں کے سربراہ اور بنیادی سیاسی لیڈران دین اسلام کے ان احکامات کو ماننے کے ساتھ ان پر عمل بھی کرتے ہیں یا پھر اس ملک میں موجود قانون اور قرآنی احکامات بھی صرف قوم کے غریب عوام کے لیے ہی ہیں؟

Check Also

Khadim Hussain Rizvi

By Muhammad Zeashan Butt