Thursday, 28 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Hamid Hassan
  4. Zindagi Mein Khush Haal Aur Mutmain Hona

Zindagi Mein Khush Haal Aur Mutmain Hona

زندگی میں خوشحال اور مطمئن ہونا

زندگی میں خوشحال ہونا اور مطمئن ہونا دو الگ الگ چیزیں ہیں۔ بہت سے لوگ امیر ترین ہونے کے باوجود، دنیا کی ہر آسائش اور نعمت ہونے کے باوجود بھی مطمئن نہیں ہوتے ایسے لوگ خوشحال ضرور ہوتے ہیں لیکن مطمئن اور آسودہ حال نہیں ہوتے۔

اس کے برعکس بہت سے لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو محنت کرتے ہیں، اپنے حالات کے لئے جدوجہد کرتے ہیں، اپنی ہمت و استطاعت کے مطابق لگے رہتے ہیں جو زیادہ امیر اور خوشحال نہیں ہوتے لیکن آسودہ حال اور مطمئن ہوتے ہیں۔

اگر کوئی مطمئن نہیں ہے تو وہ ساری زندگی مطمئن نہیں ہوسکتا، سب کچھ ہونے کے باوجود، امیر ترین ہونے کے باوجود بھی مزید سے مزید کی ہوس اور خواہش زندگی بھر بے چین کئے رکھتی ہے۔ مال و دولت اتنی کہ ساری زندگی اس کی نسلیں بھی عیاشیاں کریں تو بھی مال ختم نہ ہو لیکن پھر بھی اطمینان حاصل نہیں ہوتا۔

دوسروں سے مقابلے کی دوڑ، دوسروں جیسا بننے کی خواہش، مزید سے مزید کی ہوس ایک ایسی لاعلاج بیماری ہے جس کا کوئی علاج نہیں ہے، ساری زندگی بھی لگے رہیں تو حاصل کچھ نہیں ہوتا۔ کیوں کہ جس سے مقابلہ ہے جسے دیکھ کر اس جیسا بننے کی کوشش جاری ہے وہ اگر مزید کامیاب ہوگا تو پھر اس سے بھی آگے بڑھنے کی خواہش مزید ہوس پیدا ہوتی رہے گی۔

اطمینان اور آسودگی ایک نعمت ہے جو حسد، ضد، بغض اور انا پرستی جیسی بیماریوں سے بچاتی ہے۔ اگر آپ کو اطمینان اور آسودگی حاصل ہے اور اپنی زندگی کی بہتری کے لئے کوشاں ہیں، زیادہ امیر ترین نہیں ہیں لیکن مطمئن اور آسودہ حال ہیں تو یقین جانیں آپ ایک خوش قسمت انسان ہیں۔

Check Also

Pak French Taluqat

By Sami Ullah Rafiq