1.  Home/
  2. Blog/
  3. Toqeer Bhumla/
  4. Samundar Mein Paani Ki Kaifiaten

Samundar Mein Paani Ki Kaifiaten

سمندر میں پانی کی کیفیتیں

سمندر میں پانی کی تین طرح کی کیفیتیں ہوتی ہیں۔

ایک وہ کیفیت جس میں پانی اُبل اُبل کر کناروں سے باہر چھلکنے لگتا ہے اور ساحل پر موجود ہر چیز پر چڑھ دوڑتا ہے۔ اسے High Water/Tide کہتے ہیں۔

دوسری وہ کیفیت جس میں پانی کسی نامعلوم مرکز کی جانب لوٹنا شروع ہو جاتا ہے اور ساحل پر موجود ہر چیز کو اپنے ساتھ بہا کر لے جانے کے لیے شدت سے زور لگاتا ہے اسے Low Water/Tide کہتے ہیں۔

ان دونوں کیفیات کے درمیان ایک تیسری کیفیت یا ایک لمحہ ایسا بھی ہوتا ہے جو مذکورہ بالا دونوں سے الگ قسم کا ہوتا ہے۔

اس میں پانی نہ تو اندر کسی مرکز کی جانب کھینچا تانی کرتا ہے اور نہ ہی حدود و قیود کو توڑنے کی کشمکش میں مبتلا ہوتا ہے۔ اس لمحے کو Still Water کہتے ہیں۔ اس مختصر سے دورانیے میں سمندر کا پانی بالکل ساکت و صامت ہو جاتا ہے، اس کی تمام تر حرکتیں ٹھہر جاتی ہیں۔ یہ توازن کا لمحہ ہے اس دوران سمندر اگلے مرحلے کی تیاری کے لیے اپنی طاقت کو مجتمع کرتا ہے۔ سمندر کے اس انتہائی پرسکون وقت میں نہ ہی لہریں بنتی ہیں، نہ ہی پانی کا شور ہوتا ہے، نہ ہی کوئی مدوجزر، نہ ہی جوار بھاٹا، نہ ہی گرداب و تلاطم اور نہ ہی کوئی طوفانِ افراتفری۔

سمندر جتنا بھی بے انت و بیکراں ہو انسانی زندگی اس سے بڑھ کر لامحدود وسعتوں کی حامل ہے۔

لیکن ہماری زندگی اور سمندر کی زندگی میں کچھ قدریں مشترک ہیں، جیسے سمندر کے تین مراحل ہیں ویسے ہی ہماری زندگیوں میں جوار بھاٹا جیسے اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، ہم کبھی عروج دیکھتے ہیں اور کبھی زوال، کبھی ہر چیز کی فراوانی ہوتی ہے کہ چیزیں ہمارے قابو سے باہر ہونے لگتی ہیں اور کبھی ہمیں اتنا بھی میسر نہیں ہوتا جس سے ہم اپنا گزارا کر سکیں۔

زندگی تناو اور لچک کے درمیان کشمکش کی کیفیت میں رہتی ہے مگر ہماری زندگی میں بلندی اور تنزلی کے نشیب و فراز کی فقط دو کیفیتیں ہی ہیں سمندر کی تیسری کیفیت ہماری زندگیوں سے مفقود ہے۔

ہمیں جس لمحے کی اشد ضرورت ہے وہ سمندر کی تیسری کیفیت Still Water کی ہے۔

سکون اور ٹھہراؤ کا لمحہ، توازن کا لمحہ۔

بدن اور دماغ کو راحت پہنچانے، اسے ری چارج کرنے، توانائی کو بحال کرنے کا لمحہ۔

افراتفری، اضطراب اور اندر باہر کے جھگڑوں سے بریک اور آزادی لینے کا لمحہ۔ تھوڑی دیر کا وقفہ، توازن اور پرسکون رہنا زندگی کے تمام مراحل میں کامیابی کی کُنجی ہے۔

چاہے وہ مرحلہ مختصر ترین ہی کیوں نہ ہو مگر ہمیں اس لمحے کا اہتمام ضرور کرنا چاہیے، جس میں ہم جسمانی آرام کے ساتھ ذہنی سکون بھی حاصل کر سکیں۔ جس کے دوران ہر قسم کے تعلق اور ہر قسم کی فکر سے آزاد رہا جاسکے اور اگلے کسی مرحلے کے لیے تازہ دم ہوا جاسکے۔

Check Also

Kahaniyan Zindagi Ki

By Mahmood Fiaz