Sunday, 24 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Toqeer Bhumla
  4. Qudrat Ki Behtareen Soghat

Qudrat Ki Behtareen Soghat

قدرت کی بہترین سوغات

کائنات کے اندر جو کچھ آپ دیکھ سکتے ہیں، سوچ سکتے اور محسوس کر سکتے ہیں، وہ سب کچھ قدرت کا عطا کردہ ہے۔ انسان صارف کنندہ ہونے کے ناطے محض ان کی شکلوں میں رد و بدل کر کے انہیں اپنے استعمال میں لاتا ہے۔ اس جہان رنگ و بو میں ہر سو فطرت کے مظاہر بکھرے پڑے ہیں جن پر زیادہ تر تو امیروں کا قبضہ ہو چکا ہے۔ لیکن کچھ چیزیں ایسی ہیں جنہیں ہر خاص و عام کے لیے مفید اور عام آدمی کی دسترس میں"قدرت کی بہترین سوغات" کہا جا سکتا ہے۔

یہ سوغاتیں ذائقے اور غذائیت میں حیران کن حد تک منفرد ہونے کے باوجود سستی اور ہر جگہ عام پائی جاتی ہیں۔ اگر ان کی شکلوں اور رنگ و روپ پر نہ جایا جائے تو دنیا بھر کے خشک میوہ جات، قسم قسم کے گوشت اور پھل ایک طرف اور یہ دو سوغاتیں ایک طرف رکھ دیں تو پھر بھی ان کا پلڑا بھاری ہے۔ میکرو کے ساتھ ساتھ مائیکرو نیوٹرینٹس سے بھی بھرپور میری پسندیدہ ترین یہ دو سوغاتیں، سنگھاڑا اور شکر قندی ہیں۔

اور گدڑی کے لعل کی طرح یہ منفرد اور غذائیت سے بھرپور سپر فوڈز کی سوغاتیں سڑک کنارے ٹھیلوں پر فروخت ہوتی ہے۔ سردیوں میں اگر میں پاکستان میں ہوں تو اس موسم میں قیمت میں سستی میری پانچ عدد پسندیدہ سوغاتیں ہیں۔ کلیجی کا گوشت، مونگ پھلی، کالے املوک، سنگھاڑے، شکر قندی اور ساتھ سنگترے بھی شامل کر لیں۔ شکر قندی اور سنگھاڑے کا ذائقہ یا شکل عموماً لوگوں کو پسند نہیں آتے۔ لیکن اگر آپ میری طرح ذائقے کی بجائے اشیاء کے خواص پر یقین رکھتے ہیں تو یہ تحفہ آپ کے لیے ہے۔

اگر آپ پہلے سے ان چیزوں سے مستفید نہیں ہوئے تو اپنے معالج وغیرہ سے رائے لے کر اس سرد دھندلکے میں ان سوغاتوں سے خوب انصاف کیجئے۔ ان میں کوئی بھی ایسی چیز شامل نہیں ہے جسے غریب یا دیہاڑی دار شخص خریدنے کا متحمل نہ ہو۔ باقی آپ سارے خود سیانے ہیں، گوگل کریں، حاذق حکماء یا پھر بڑے بزرگوں سے پوچھیں کہ سنگھاڑے اور شکر قندی کے کیا فوائد ہیں۔

(کسی اگلی پوسٹ میں سنگھاڑے کی تیاری پر مضمون باندھنے کی کوشش کروں گا)۔

Check Also

Raston Ki Bandish

By Adeel Ilyas