Qismat Ke Lekhay
قسمت کے لیکھے
2022 فٹبال ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی میچ میں پرتگال اور سربیا آمنے سامنے تھے۔ دونوں ٹیموں کی جانب سے 2-2 گول کے بعد جیتنے کے لیے کانٹے دار مقابلہ ہو رہا تھا۔
میچ کے آخری لمحات میں رونالڈو نے فٹ بال کو کک لگائی اور جیسے ہی بال نے گول والے نیٹ کی سفید لائن کو عبور کیا ریفری نے سیٹی بجاتے ہوئے میچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
لاکھوں شائقینِ فٹ بال اسے لمحے کو دیکھ رہے تھے، مگر ریفری کے فیصلے کے بعد رونالڈو کی جانب سے پرتگال کی ٹیم کے لیے واضح گول اور واضح برتری کے باوجود اس ناانصافی پر کوئی کچھ بھی نہیں کر سکتا تھا۔
یوں برابری پر میچ ڈرا ہوگیا، مگر بات یہاں ختم نہیں ہوئی، رونالڈو نے احتجاج کے دوران اپنے بازو پر لگی ہوئی نیلے رنگ کی پٹی جس پر کپتان کی نشاندہی کے لیے سفید رنگ کا انگریزی حرف "سی C" بنا ہوا تھا۔
اس نے وہ Armband اتار کر زمین پر پھینک دیا۔
جہاں پر کچھ تماشائیوں نے رونالڈو کے اس عمل کو سراہا وہاں پر ہی فٹبال کھیل کے عالمی مبصرین اور ماہرین نے کہا کہ رونالڈو کا ایسا کرنا کھیل کے اصولوں کے خلاف ہے، ایسا کرنے پر بھاری جرمانے کے ساتھ میچ کھیلنے پر بھی پابندی عائد ہو سکتی ہے۔
میچ ختم ہوچکا تھا، میدان اور اسٹیڈیم خالی ہوچکا تھا۔
اسی میچ کے دوران ڈیوٹی پر مامور فائر بریگیڈ کے عملے میں شامل ایک شخص کے نزدیک یہ ربن گرا تھا، اس نے نیلے ربن کو اٹھا کر اپنے پاس رکھ لیا۔
اس کے بعد وقت گزرتا رہا، بعد ازاں میچ ریفری نے اپنے عمل کی معافی مانگ لی اور لوگ اس واقعے کو بھول گئے۔
پھر اچانک ایک دن ایک خبر فٹبال کے شائقین اور رونالڈو کے مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
سربیا کے ایک غریب گھرانے میں پیدا ہونے والے چھ ماہ کے ننھے منے بچے کو ریڑھ کی ہڈی میں پیدائشی بیماری کے بعد دنیا کی مہنگی ترین ادویات خریدنے کے لیے ہزاروں ڈالرز کی ضرورت تھی۔ اس بچے کی والدہ نے اپنے جگر گوشے کو زندہ رکھنے کی خاطر چندے کے لیے اپیل کر رکھی تھی، یہ اپیل جب فائر بریگیڈ کے اس ملازم تک پہنچی تو اس نے رونالڈو کی پھینکی ہوئی پٹی کو نیلام کرنے کا فیصلہ کر لیا، اس نے ایک فلاحی ادارے "Together for life" کو وہ ربن دیا اور تمام تر اختیارات سونپتے ہوئے کہا کہ اس نیلامی سے حاصل ہونے والی تمام رقم اس بچے کے گھر والوں کو علاج کے لیے دے دی جائے۔ اس ادارے نے "Limundo" نامی ویب سائٹ پر اس ربن کو نیلامی کے لیے پیش کر دیا۔
رونالڈو کی پھینکی ہوئی پٹی 75000 ڈالر میں فروخت ہوئی، اور خریدار کا کہنا تھا کہ اس خریداری کے ذریعے میں پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اس کا مقصد چھوٹے بچے کے علاج کے لیے زیادہ سے زیادہ تعاون کرنا ہے اور ساتھ ہی یہ شعور بیدار کرنا کہ ہمیں اس قسم کی فلاحی سرگرمیوں کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
ہو سکتا ہے میچ ختم نہ ہوتا، رونالڈو کا کیا ہوا گول مان لیا جاتا اور یہ سارا منظر تخلیق ہی نہ ہوتا؟
ہو سکتا ہے میچ ڈرا ہونے، رونالڈ کا غصہ میں آکر بازو پر پٹی اتار کر پھینک دینے، فائر بریگیڈ والے کا اٹھانے، اس تک چندہ جمع کرنے کی اپیل کا پہنچنے، پھر اس پٹی کے نیلام کرنے تک سب کچھ کا آپس میں کوئی تعلق یا ربط ہی نہ ہو؟ ہوسکتا ہے نقطے سے نقطہ ملنے پر ایک رستہ بنتا ہو جو منزل کی جانب لیے چلتا ہے؟