Friday, 10 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Toqeer Bhumla
  4. Mehnat Karen, Kamyab Hon

Mehnat Karen, Kamyab Hon

محنت کریں، کامیاب ہوں

اگر آپ سمجھتے ہیں کہ جس کے حق میں آپ ہیں، اس کے حق میں پوری کائنات کھڑی ہو جائے گی، یا جس کے مخالف آپ ہیں پوری کائنات اس کی مخالفت پر اتر آئے گی، جس نے آپ کو مسترد کر دیا تھا، اسے اب پوری دنیا میں کہیں بھی جائے پناہ نہیں ملے گی، جسے آپ پانا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے پوری کائنات آپ کی خواہش کو پورا کرنے میں جُت جائے گی تو یاد رکھیں کہ میں، میرا یا میری رائے سب سے اہم ہے یہ محض ایک وہم ہے۔

جس کمپنی نے آپ کو ملازمت دینے سے انکار کر دیا تھا وہ نہ تو ناکام ہوگی اور نہ ہی اس کا دیوالیہ نکلے گا، اس کے برعکس، وہ تیزی سے ترقی کرنے والی اور طویل عرصے تک کامیابی سے چلنے والی کمپنی بن سکتی ہے۔

جس شخص نے آپ کو ٹھکرایا اور آپ کو چھوڑ دیا یہ آپ کا وہم ہے کہ وہ آئندہ زندگی میں کسی بات پر افسوس کرتے ہوئے پچھتا رہا ہوگا، ہوسکتا ہے وہ کسی نئے رشتے کے بندھن میں خوش و خرم زندگی گزار رہا ہوگا۔

آپ کے شوہر یا آپ کی بیوی جنہوں نے معمولی باتوں جیسے جلی ہوئی روٹی اور سالن میں نمک کی کمی بیشی پر جھگڑے کیے، مار پیٹ تک نوبت پہنچی، اور اک دن برے سلوک کے باعث علیحدگی ہوگئی تو یہ نہ سوچیں کہ ظلم کے باوجود آپ کے بعد یا آپ کے بغیر وہ مشکل زندگی گزاریں گے، اس کے برعکس ممکن ہے کہ تمام تر بے یقینی کے باوجود انہیں سکون میسر ہو اور وہ راحت بھری زندگی گزار رہے ہوں۔

جس شخص نے آپ کو دکھ پہنچایا اور آپ کے لیے بہت سی پریشانیوں کا باعث بنا اسے شاید کوئی پریشانی نہ ہو بلکہ اس کے برعکس وہ خوبصورت زندگی گزار سکتا ہے اور آپ سے بہتر بھی ہوسکتا ہے۔

دنیا آپ کے لیے نہیں رکے گی اور نہ ہی کائنات کا نظام تھمے گا، کیونکہ آپ کو لگتا ہے کہ آپ کے ساتھ ظلم ہوا ہے اور آپ ظالم سے کہیں بہتر حیات کے مستحق ہیں تو ہر چیز آپ کا بدلہ لینے پر تل جائے۔

اگر آپ اپنی اہمیت جاننا چاہتے ہیں تو آپ جان بوجھ کر چند دن کے لیے روپوش ہوجائیں تو سب کچھ معمول کے مطابق چلتا رہے گا، اور دو یا تین ہفتوں کے بعد سب بھول جائیں گے کہ آپ اس دنیا میں آئے بھی تھے کہ نہیں، لہٰذا اپنی اہمیت جتلانے اور توجہ حاصل کرنے میں خود کو خرچ نہ کریں۔

صرف اس لیے کہ آپ اچھے انسان ہیں اس کا یہ مطلب نہیں کہ دنیا آپ کے ساتھ اچھا سلوک کرے گی۔ آپ سبزی خور ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ گوشت خور درندہ آپ کو نہیں کھائے گا۔

ان بے ہودہ اور فرسودہ خیالات سے جو فلمیں اور ڈرامے اور ناول آپ کے ذہن میں انڈیلتے ہیں ان سے چھٹکارا پا کر آگے بڑھنے کی کوشش کریں۔

اس دنیا میں کوئی بھی ایسا واقعہ نہیں ہے۔ جس میں اربوں انسانوں کی متفقہ طور پر حتمی اور قطعی سچائی غالب ہو، مظلوم یا بے گناہ کو قید سے رہائی ملی ہو اور اس کی نیک نامی یا شہرت پہلے جیسی ہوگئی ہو، اور اصل قاتل کو انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا ہو۔

اس دنیا میں انصاف یا سچائی کی کوئی ضمانت نہیں ہے، کیونکہ یہ حساب کتاب کی جگہ نہیں ہے۔

مسلسل اداسی، پریشانی اور رونے دھونے کا مطلب ہے کہ شاندار محل شکست و ریخت کے باعث کھنڈرات میں تبدیل ہو رہا ہے۔ شکوے شکایت سے خود کو باز رکھیں۔

جو کچھ بھی ہو چکا ہے یا بیت رہا ہے اس پر آپ کا اختیار نہیں ہے، آپ کا کام ہر حال میں آگے بڑھتے رہنا ہے، کام کریں، کوشش اور محنت کریں، کامیاب ہوں، دوبارہ خواب دیکھیں، اپنے خواب سے کہیں زیادہ حاصل کریں اور اپنی زندگی کو اطمینان بھری زندگی کے طور پر جئیں۔

Check Also

Kis Color Ki, Hamari Ikhlaqiat

By Saleem Zaman