Saturday, 11 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Toqeer Bhumla
  4. Islami Vaccination Aur Valentine

Islami Vaccination Aur Valentine

اسلامی ویکسینیشن اور ویلنٹائن

اسلام کے اندر جہاں بے بہا خوبیاں اور خوبصورتیاں ہیں، وہیں اس کے اندر ایک بہترین نظام "روحوں کا روحوں سے کنیکشن" بھی ہے۔ اسلام دلوں کو دلوں سے جوڑنے کا دین بھی ہے، اور ہاتھ سے ہاتھ کو گرم جوشیِ محبت سے تھامنے کا مذہب بھی ہے، قطع تعلقی سے سختی سے منع فرماتا ہے، صلہ رحمی اور قرابت داری سے خلیوں کی مانند جڑے رہنے پر زور بھی دیتا ہے۔

اسلام محض وعظ و تبلیغ تک محدود نہیں ہے، تشخیص کے ساتھ علاج بھی بتاتا ہے اور ہر قسم کے نظام کو عملی طور پر لاگو کرنے اور اس کے مطابق حیات کو بسر کرنے کے طریقے بھی بتاتا ہے۔ انہی طریقوں میں سے ایک طریقہ نومولود کی پیدائش جو اللہ تعالیٰ کا فضل اور عظیم نعمت ہے، اس پر حسبِ استطاعت خوشی اور رضا کا اظہار کرنا ہے جسے "عقیقہ" کہتے ہیں۔

اسوہِ حسنہؐ کے مطابق، عقیقہ نومولود کے لیے زندگی کی ابتدائی سانسوں میں اس کے نام سے خون بہاکر اللہ تعالیٰ سے اس کا تقرب حاصل کرنے کا ذریعہ ہے، نیز اللہ تعالیٰ کے حکم سے ذبیح کے خون بہا کے بدلے نومولود کو پریشانیوں، آفتوں اور بیماریوں سے راحت مل جاتی ہے۔ (اسلامی ویکسینیشن) واللہ اعلم

بچوں کی طرف سے عقیقہ کرنا، میرے لیے پانچ سال بعد تمام عزیز و أقارب سے ایک ہی نشست میں ملنے کا ایک بہترین موقع تھا، سو اسے غنیمت جانتے ہوئے جھٹ پٹ جانور خریدے گئے، گھر کی حویلی کے اندر ہی کھانا پکانے اور کھانے کا انتظام کرکے فوراً رشتہ داروں کو مطلع کردیا گیا، بھلا ہو تمام دوست احباب، اور عزیز و أقارب کا جنہوں نے گوناگوں مصروفیات کے باوجود مختصر نوٹس پر لبیک کہتے ہوئے، اگلے دن ایک عظیم اجتماع کی صورت میں اس مبارک عمل کی خوشیوں کو دو چند کیا۔

14 فروری، لوگ ویلنٹائن ڈے کے چکر میں تھے تو ہم نے خاندان کا گرینڈ اکٹھ کرکے اسلامی ویکسینیشن کا اہتمام کر دیا۔ اسپیشل قسم کا حلوہ کھلانے کے بعد جی بھر کر بزرگوں کی محبت اور دعائیں سمیٹیں۔

دوستو!اپنی طرف سے محبت نبھاتے جائیں، ہمیشہ کوشش کریں کہ سوئی بنیں جو پھٹے اور ادھڑے ہوئے کپڑوں کو بلا تفریق سیتی ہے، قینچی مت بنیں جو کاٹ کر لیرو لیر کرتی ہے۔

Check Also

Kis Color Ki, Hamari Ikhlaqiat

By Saleem Zaman