Friday, 10 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Toqeer Bhumla
  4. Baatein Kitabon Ki

Baatein Kitabon Ki

باتیں کتابوں کی

امسال 2023 کتابوں کے حوالے سے میرے لیے منفرد سال تھا، اس برس پڑھی جانے والی کتابوں کا تعارف وقتاً فوقتاً اپنی وال پر پوسٹ کرتا رہا ہوں۔ مگر ذیل میں چند ایسی کتابیں ہیں، جن کا تعارف اس پروفائل سے وابستہ عزیز لوگوں کے ساتھ کرانا ضروری سمجھتا ہوں۔

اس سال متنوع الأقسام مطالعہ کی وجہ سے بڑی مشکل سے مختصر کرتے ہوئے چند ایک کتابوں کی فہرست مرتب کرنے میں کامیاب ہوا ہوں وگرنہ الماری سے ہر کتاب جھانک کر کہتی ہے کہ میرا نام ضرور لکھنا۔

یہ کتابیں مختلف ممالک کے قدیم و جدید عالمی ادب سے تعلق رکھتی ہیں۔ میں نے انہیں انگریزی اور عربی زبان میں پڑھا ہے۔ اس لیے وثوق سے نہیں کہہ سکتا کہ آپ کو ان زبانوں کے علاوہ دیگر زبانوں یا اپنی زبان میں مل سکیں گی یا نہیں۔

ہر کتاب میرے نزدیک لاجواب اور ایک سے بڑھ کر ایک اپنی مثال آپ ہے۔ درج ذیل ترتیب کسی مخصوص درجہ بندی کے تناظر میں نہیں ہے، بلکہ یادداشت کے سہارے مرتب شدہ ہے۔ آپ اگر کوئی کتاب پڑھنا چاہیں تو اپنی سہولت کے مطابق پڑھیے گے۔

1۔ The Crack-Up, Book by F. Scott Fitzgerald

رومانوی، افسانوی اور حقیقت پسندی کے حسین امتزاج کے ساتھ عظیم مصنف کی اپنی زندگی کے نشیب و فراز، دھوپ چھاؤں اور عروج و زوال کے دوران مایوسی اور امید کی کشمکش سے نبرد آزما لازوال داستان ہے۔

2۔ Meditations التأملات, Book by Marcus Aurelius

یہ کتاب رومن شہنشاہ مارکوس کی تصنیف ہے، بنیادی طور پر stoicism یا فلسفہ رواقیت پر مبنی ہے۔ اور زندگی میں اس کا کم از کم ایک بار مطالعہ لازمی ہے۔

3۔ The System of Banality نظام التفاهة,Alain Deneault /Alain Dono

یہ کتاب نہایت شاندار ہے، جس کا لب لباب یہ ہے کہ بیوقوف اور جاہل لوگوں کو مشہور کرنا چھوڑ دو، ورنہ کل کلاں کو یہی طبقہ تم پر حکمرانی کرے گا۔

اس کتاب سے چند مضامین کسی دوسری پوسٹ میں شئر کروں گا۔

4۔ The Reading List: A Novel, Book by Sara Nisha Adams

یہ اچھوتا ناول اپنے منفرد نام کی طرح کہانی بھی منفرد لیے ہوئے ہے، لندن کے مضافات میں لائبریری میں کتابوں کی فہرست مرتب کرتے ہوئے دو بالکل الگ تھلگ لوگوں کے درمیان تعلق استوار ہونے کی ناقابل فراموش مگر دہل کو اتھل پتھل کرنے والی داستان ہے۔

5۔ A Thousand Splendid Suns, Novel by Khaled Hosseini

اس کے متعلق مختصراً یہی کہوں گا کہ خالد حسینی نے اپنے قلم کے ذریعے محروم لوگوں کے درد کو زبان عطا کی اور پھر اپنے پڑھنے والوں کو رلا دیا۔

6۔ The Bee Sting, Novel by Paul Murray

"In the next town over, a man had killed his family.. When he had finished he turned the gun on himself. "

کتاب کا ابتدائیہ، اگر انگریزی کا یہ پیرا گراف آپ کو اکساتا ہے تو پھر یہ کتاب آپ کے لیے ہے۔ یہ کتاب اپنے انعام رانا صاحب کے سسرال دیس میں لکھی گئی ہے۔ جو میرے لحاظ سے شاندار کتاب ہے۔

7۔ Don Quixote دون كيشوت، دون كيخوت,Novel by Miguel de Cervantes

پانچ سو سال قدیم ہسپانوی عظیم مصنف کا شاندار ناول بھی ایک شاہکار ہے۔ آپ پڑھیں گے تو مدتوں اس کی لذت کے زیر اثر رہیں گے۔

کتاب کا بنیادی تھیم لوگ چاہیں، جو بھی کہیں مگر ایک شخص کو زندگی اپنے جذبات کے مطابق بسر کرنے کے لیے ملتی ہے۔

8۔ Frankenstein in Baghdad فرانكشتاين في بغداد، Novel by Ahmed Saadawi

یہ کتاب ہر لحاظ سے منفرد ہے، بغداد میں جب لوگوں کی نسل کشی ہوتی ہے تو ایک شخص لوگوں کی کٹی پھٹی لاشوں کے مختلف اعضا کو جوڑ کر ایک نئی اور مکمل لاش میں تبدیل کر دیتا ہے۔

9۔ Disposable People: New Slavery in the Global Economy, Book by Kevin Bales

مصنف نے کئی برسوں تک مختلف ممالک میں گھوم پھر کر وہاں کے زمینی حقائق کے مطابق اس کتاب کو لکھا ہے، اور دنیا کو بتایا کہ غلامی صرف کتابوں میں ختم ہوئی ہے عملاً آج بھی غلامی مختلف شکلوں میں نافذ ہے۔ اس میں ایک باب پاکستان کے نام سے بھی ہے، "پاکستان جہاں غلامی کو غلامی نہیں سمجھا جاتا"

10۔ Pride and Prejudice الكبرياء والهوى، كبريا وتحامل,book by Jane Austen

کتاب کا مرکزی تھیم محبت اور شادی پر مبنی ہے، اگر آپ سماج کے اہم موضوعات جیسے خاندان، دولت، شہرت، سماجی طبقے، فخر اور تعصب کو پڑھنے اور سمجھنے کی جستجو رکھتے ہیں تو ان موضوعات کو ناول میں مختلف کرداروں کے درمیان تعلقات کے اتار چڑھاؤ کے ذریعے نہایت خوبصورتی سے دکھایا گیا ہے۔ بلاشبہ یہ عظیم ناول ہے۔

11۔ Things Fall Apart عالم يتهاوى، اشياء تداعى

Novel by Chinua Achebe

اگر آپ کوئی ایسی کتاب پڑھنا چاہتے ہیں۔ جو آپ کو سحر زدہ کردے تو یہ مختصر سا ناول جو بمشکل پچاس ہزار الفاظ پر مشتمل ہوگا، اسے ایک دفعہ پڑھ کر دیکھیں، ہر لفظ اپنے اندر معنی و مطالب کا ایک الگ جہاں رکھتا ہے، آپ ہر سطر پڑھ کر ٹھہریں گے، اسے اپنے اندر اتاریں گے اور مصنف کو داد دیں گے، ہر صفحہ مکمل کہانی میں ڈھل جاتا ہے، وہ کام جو بڑے بڑے ضخیم ناول نہیں کرسکتے وہ اس ناول نے کر دکھائے ہیں۔ بلاشبہ یہ بھی عظیم ترین ناولوں میں سے ایک ہے اور اسے بھی زندگی میں کم از کم ایک بار ضرور پڑھنا چاہیے۔

12۔ The 5 Levels Of Leadership: Proven Steps To Maximize Your Potential

Book by John C.Maxwell

نئے سال 2024 میں اس کتاب کا مطالعہ ضرور کریں یہ آپ کو سمجھنے میں مدد دے گی کہ آپ اس وقت کہاں کھڑے ہیں اور اصل میں آپ کو کہاں کھڑے ہونا چاہیے تھا۔

Check Also

Kis Color Ki, Hamari Ikhlaqiat

By Saleem Zaman