Communist Holocaust
کمیونسٹ ہولوکاسٹ
"جب کھانے کے لیے کوئی خوارک نہ ہو تو لوگ بھوک سے مر جاتے ہیں اسلئے بہتر یہی ہے کہ آدھے لوگوں کو مرنے دیا جائے تاکہ باقی آدھے لوگ خوب کھا کر زندہ رہ سکیں"۔ یہ الفاظ چین کے مشہور صدر، ماؤزے تنگ نے 25 مارچ 1959 کو شنگھائی کے ایک ہوٹل میں ایک میٹنگ کے دوران کہے تھے۔ لیکن اس پہ بات کرنے سے پہلے کچھ اور چیزوں پہ بات کرنا ضروری ہے۔
اٹھارویں صدی میں صنعتی انقلاب کے بعد سوشلزم ان اہم اور بڑے نظریات میں سے ایک ہیں جنہوں نے معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کرکے دنیا کے مختلف حصوں پہ اثرات چھوڑے۔ اگرچہ اس نظریے کی تشریحات چارلس فوور اور رابرٹ اوون سے ہوتے ہوئے کارل مارکس اور فریڈرک اینجلز سے لیکر ولادیمیر لینن، لیون ٹراٹسکی اور جوزف اسٹالن تک مختلف رہی ہیں لیکن آخر میں یہ کمیونسٹ بلاک کی شکل میں دنیا کی آدھی آبادی پر حکومت کرتا نظر آتا ہے۔
بھلے ہی آج سرمایہ دارانہ نظام کے ہاتھوں انسان اور ریاستوں کا استحصال ہو رہا ہو، بہت سے ملکوں میں دولت چند ہاتھوں میں سمٹ کر رہ گئی ہو اور کارپوریٹ اور بورژوا طبقہ دنیا کے سیاسی، سماجی اور معاشی نظام کی تشکیل میں پیش پیش ہو لیکن دوسری طرف کمیونزم کا دامن بھی انسانی خون سے رنگا ہوا ہے اور تاریخ کی بدترین المیوں کو جنم دیا ہے۔
چینی اور سوویت کمیونسٹوں نے اپنے شہریوں کی سب سے بڑی تعداد کو موت کے گھاٹ اتارا جبکہ کمبوڈیا والوں نے اپنی آبادی کا ایک تہائی حصہ قتل کیا۔ چار بدترین ڈکٹیٹرز میں سے تین (ماؤزے تنگ، اسٹالن اور پول پوٹ) کیمونسٹ تھے جنہیں دنیا ان کی وجہ سے ہونے والی اموات کی وجہ سے جانتی ہے۔ اسٹالن کے اپنے دور حکومت اور ماوزے تنگ کی گریٹ لیپ فارورڈ اور کلچرل ریولوشن جیسی پالیسیوں نے لاکھوں کروڑوں لوگوں کا خاتمہ کیا۔
کیمونسٹ ریاستوں میں اموات کی تعداد حیران کن ہے۔ کرسٹوفر لیسیلز اپنی کتاب، A Short History Of The World میں لکھتے ہیں کہ اگر ہم غلط زرعی یا دانستہ طور پر کیمونسٹ ریاستوں کی پالیسیوں کی وجہ سے تخمینہ شدہ 50 ملین اموات کو شامل کریں تو ایک اندازے کے مطابق کمیونزم 20 ویں صدی میں 100 ملین سے زیادہ اموات کی براہ راست وجہ تھی۔ اور یہ تعداد اس صدی میں ہونے والی تمام جنگوں، انقلابات اور تنازعات کی وجہ سے اموات سے زیادہ ہے۔
مختصر یہ کہ جسطرح دنیا میں سب سے زیادہ جنگ امن کے نام پر کی جاتی رہی، سب سے زیادہ امراض علاج کے نام پر پھیلائے گئے، سب سے زیادہ ظلم انصاف کے نام پر ہوا، اور سب سے زیادہ راہزنی رہبری کے نام پر کی گئی، ٹھیک اسی طرح بھوک، غربت اور انسانی استحصال کو مٹانے کے نام پر بھی انسانیت کو کمیونزم کی وجہ سے تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑا ہے۔