Shoes Polish Karne Ke Adaab
شوز پالش کرنے کے آداب
دیگر بہت سی گفتہ ناگفتہ ذمہ داریوں کے علاوہ بچوں کے اسکول شوز پالش کرنا بھی خاکسار کے فرائض منصبی میں شامل ہے۔ غرور نہ سمجھا جائے فقط تحدیث نعمت کے لیے عرض کر رہا ہوں کہ راقم کو اس کام کا پانچ چھ سال کا تجربہ ہے۔ اکثر فیس بکی دانشور قوم کی سماجی معاملات میں راہنمائی کرتے رہتے ہیں میں رات کو سوچتا رہا کہ میرے پاس کون سا ایسا علم یا ہنر ہے جس کو قوم میں بانٹ کر میں داد و تحسین کے ڈونگرے سمیٹ سکوں، تو آ جا کے بات جوتے پالش کی ہی نکلی۔
جوتے پالش کرنے کے لیے سب سے ضروری چیز کیا ہے اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ جوتے کس کے پالش کرنے ہیں۔ اگر اپنے یا بچوں کے کرنے ہیں تو سب سے پہلے آپ کو جوتے درکار ہوں گے۔ پھر آپ کو ایک برش اور پالش کی ڈبی چاہیے۔ (ڈبی کے اندر پالش بھی ہو تو زیادہ بہتر ہے)۔ بہت سے لوگ ان باکس میں سوال پوچھتے ہیں پالش کون سی استعمال کی جائے یہ ایک مشکل اور تفصیل طلب سوال ہے اس کا آسان جواب یہی ہو سکتا ہے کہ
جیڑی لب جائے۔
جس جوتے کو پالش کرنا ہے نرمی سے اس کے پیٹ میں ہاتھ ڈالیں اور دوسرے ہاتھ میں برش پکڑ لیں۔ (کچھ لوگ ایک ہی ہاتھ سے جوتا اور برش پکڑنے کی کوشش کرتے ہیں میں ذاتی تجربے کی بنیاد پر بتا رہا ہوں یہ غلط طریقہ ہے۔ اس طرح جوتے پالش کرنا گر ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے۔) اب برش کے بالوں والی سائڈ کو برش پر رکھیں (لکڑی والی یا پلاسٹک والی سائیڈ جوتوں پر رگڑنے سے نہ صرف لیدر خراب ہو جاتی بلکہ ہاتھوں پر پالش بھی لگ جاتی ہے)۔
نرمی سے برش کو رگڑتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان پر لگی مٹی آپ کی گود میں ہی گرے کیوں کہ اس طرح آپ کو بعد میں اپنے کپڑے ہی دھونے پڑیں گے ورنہ قالین یا فرش پر گر گئی تو زوجہ کے ڈر سے وہ بھی دھونے پڑ سکتے ہیں۔ بہتر ہے جوتے پالش کرتے ہوئے وہی ایپرن زیب تن فرما لیں جو مرد حضرات برتن یا کپڑے دھوتے ہوئے پہن لیتے ہیں۔
جب جوتوں سے گرد اور مٹی اچھی طرح اتر چکے تو پالش کی ڈبی کا جائزہ لیں کہ یہ کدھر سے کھلے گی پھر احتیاط سے ڈبی کھولیں اور پالش کا باریک بینی سے جائزہ لیں (زبان سے چکھنے سے پرہیز برتیں۔ عجیب کڑوا سا ذائقہ ہوتا ہے اور زبان بھی کئی دن تک کالی رہتی ہے)۔ اس کے بعد بڑی احتیاط سے برش کو پالش کے ساتھ مس کریں۔ اب آپ دوبارہ پالش والا برش کو شوز پر شفقت سے پھیریں (طریقہ کار وہی ہے کہ بالوں والی سائیڈ شوز کی جانب ہو)۔
جب دونوں شوز پر پالش اچھی طرح لگ جائے اور وہ آپ کے نامہ اعمال کی طرح سیاہ دیکھائی دینے لگیں تو مزید پالش لگانا بند کر دیں اور برش کے پے درپے سٹروکس سے جوتوں کو تب تک چمکاتے رہیں جب تک آپ کا چہرہ نامبارک اس میں دیکھائی نہ دینے لگے۔ اس کے بعد پالش والی ڈبی کا احتیاط کے ساتھ بند کر کے برش سمیت اس کی مخصوص جگہ پر رکھ کر ہاتھ نیم گرم پانی کے ساتھ دھو لیں اور قمیض کے دامن کے ساتھ خشک کر لیں۔
مزید راہنمائی کے لیے بندہ ناچیز کمنٹ باکس کے علاؤہ ان باکس میں بھی دستیاب ہے۔