Monday, 25 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Rehan Asghar Syed
  4. Golden Man

Golden Man

گولڈن مین

آج کل گولڈ مین کے نام سے یہ کچھ "فنکار" بڑے شہروں میں وبا کی طرح پھیلتے نظر آ رہے ہیں۔ جن کا ٹیلنٹ محض یہ ہے کہ وہ سارا دن ایک جگہ بیٹھے رہتے ہیں۔ غالباََ یہ بھکاریوں کی فیشن زدہ نئی قسم ہے؟ سٹیج ڈرامے میں امان اللہ کو ایک آرٹسٹ دعا دیتا ہے کہ اللہ تمیں بیٹھا کر ساری عمر کھلائے۔ جواباً امان اللہ (مرحوم) اپنے مخصوص انداز میں کہتے ہیں کہ۔

کیوں میری لتاں وڈ کتیاں نے یا میں معذور ہو جانا اے؟ چنگا بھلا میں چلدا پھردا بندہ واں تے پتر بیہ کہ کیوں کھاواں؟ اللہ نے صحت دیتی کہ محنت کر کے کھاؤ۔ ہم لوگ پیدائشی کام چور، نکھٹو اور ذمہ داریوں سے فرار حاصل کرنے والے لوگ ہیں۔ اگر کسی کے پاس کاروبار کے لیے سرمایہ ہو تو کسی بھی کام شروع کرنے میں سب سے پہلا خطرہ جو نظر آتا ہے۔

"او یہ تو بڑی محنت والا کام ہے۔ "

"نہیں جی، یہ بڑی ذمہ داری والا کام ہے۔ پیسہ تو ہے۔ مگر بہت محنت کرنی پڑتی ہے۔ نہ نہ اس سے بہتر ہے کہ فلاں کام کر لو اور بیٹھ کر کھاو۔ اور آخر میں جا کر پراپرٹی بزنس میں جا گھستے ہیں۔ ہماری کام چوری اور سست طبیعت کا اندازہ ادھر سے لگا لیں کہ ہم زندگی میں سوائے جان بچانے والی مخصوص حرکات و سکنات کے سوا کسی کام پر توانائی زائل کرنا پسند نہیں کرتے۔

چلتے اشد ضرورت کے تحت ہیں۔ روزی روٹی بحالت مجبوری کرتے ہیں۔ ویسے تو ہم سب کے اندر ایک گولڈ مین چھپا ہوا ہے۔ جس کے جسم میں حرکت کے آثار اسی وقت رونما ہوتے ہیں۔ جب کوئی پیسے اس کی طرف بڑھائے۔ اپنے آس پاس دیکھیں۔ نہ کسی کو پودوں کا شوق ہے نہ پالتو جانوروں کا۔ کچن گارڈننگ، صبح کی سیر، گھر میں مرغیاں، مویشی پالنا جیسے درجنوں مشاغل ہیں۔

جن سے ذرا سی مشقت اور کوشش سے دسیوں فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ بلکہ اگر آپ غلطی سے کسی کے سامنے اپنا پودوں یا پالتو جانوروں کے شوق کا اظہار کر دیں تو سب سے پہلے اس کا ردعمل یہی ہوتا ہے او چھڈ پراں، یہ بڑا مشکل کام ہے۔ ہماری کوئی صحت مندانہ ایکٹیوٹی نہیں۔ بس بحالت مجبوری گولڈ مین کی طرح بیٹھے بیٹھائے کوئی ہمارے ہیٹ میں سکہ اچھال جائے تو جائے۔

بچوں کے لیے شاید یہ گولڈ مین نئے ہوں، مگر سرکاری دفتر ان گولڈن لوگوں سے بھرے پڑے ہیں۔ جب آپ دھوپ میں لائن میں لگ کر کھڑکی کے اندر اکڑ رفو والے سوراخ میں سر ڈال کر اپنی فائل اور عرضی دیں تو گولڈ مین اپنی جگہ سے ہلتا بھی نہیں، جب تک آپ اس کے ہیٹ میں کچھ سکے نہ اچھال دیں۔

Check Also

Riyasat Ba Muqabla Imran Khan Aur Do Number Inqelabi

By Nusrat Javed