Friday, 29 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Fazeela Jabeen
  4. Aurat Kamzor Nahi Hoti

Aurat Kamzor Nahi Hoti

عورت کمزور نہیں ہوتی

آخر تم اتنا پڑھ کر کرو گی کیا؟ کیا اتنی تعلیم تمہارے لیے کافی نہیں ہے؟ پڑھ کر نوکری کا انتظار کرتی رہوگی تو شادی کب کرو گی؟ نوکری کرنے والی لڑکیوں کا تو دماغ ویسے ہی خراب ہوتا ہے۔ اتنے سال سے نوکری کے ٹیسٹ دے رہی ہو تمہاری تو قسمت میں ہی روزگار نہیں ہے۔ یہ ساری باتیں اور سوالات لڑکیوں کو روز سننے پڑتے ہیں۔ کبھی معاشرے کا دباؤ تو کبھی رشتہ داروں کے طعنے اور باتیں۔ لیکن لڑکیاں کمزور نہیں ہوتی بس حساس ہوتی ہیں۔

ایک لڑکی پڑھائی بس نوکری کرنے کے لئے ہی تو نہیں کرتی۔ آج کی عورت باشعور ہے اور اپنے حق کے لئے لڑنا جانتی ہے۔ ہمارا آج کا معاشرہ بھی بہت سے مفروضوں پر چل رہا ہے۔ جس میں ایک مفروضہ یہ بھی ہے کہ مرد غالب ہے اور عورت مغلوب۔ پاکستان میں عورت کو حق دینا بھی بیرونی سازش مانا جاتا ہے۔ عورت جسمانی لحاظ سے مرد سے کمزور ضرور ہوتی ہے لیکن مشکل حالات میں یہی عورت صنف آہن بن کر اپنوں کے لئے ہر جنگ لڑتی ہے۔

حال ہی میں پاکستان میں ایک عورت کو سپریم کورٹ میں جج تعینات کیا گیا ہے۔ اعلیٰ تعلیم اور روزگار سے نا صرف ایک عورت اپنے ماں باپ کا سہارہ بن سکتی ہے بلکہ برے وقت میں اپنے شوہر کا ساتھ بھی دے سکتی ہے۔ آخر کیوں اس معاشرے میں ایک روتی ہوئی لاچار اور بےبس عورت اچھی لگتی ہے۔ اب بھی اپنے بنیادی حقوق کے لئے ایک عورت کو اپنوں سے لڑنا پڑتا ہے۔ یہی اپنے اگر سہارا بن جائیں تو عورت اور مضبوط ہو جاتی ہے۔

کہیں عورت ایک بیٹی ہے تو کہیں ماں، وہی عورت ایک بیوی بھی ہے تو بیوہ ہو کر اپنے بچوں کے لئے باپ بھی۔ عورت حالات سے ڈرنا نہیں لڑنا جانتی ہے۔ عورت کو اتنا تعلیم کا حق ہونا چائیے کہ وہ اپنے حق کے لئے آواز اٹھا سکے۔ عورت نہ پھول ہے نہ خوشبو، نہ عزت نہ غیرت عورت انسان ہے صرف انسان۔ اگر عورت کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں تو صرف اتنا کریں کہ عورت ہنرمند ہو، تعلیم یافتہ اور خود کما سکتی ہو کیوں کہ عورت کمزور نہیں ہوتی۔

Check Also

Aik He Baar

By Javed Chaudhry