Namumkin Kuch Bhi Nahi
ناممکن کچھ بھی نہیں
اس دنیا میں اشرف المخلوقات کے لئے کوئی کام نا ممکن نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے بس تم محنت کرو اپنے حق میں بہتری کی دعا کرو امید رکھو اور اچھے وقت کا انتظار کرو۔ پھر نا ممکن کو ممکن بنانا میرا کام ہے۔ ہم ہمیشہ ہر کام یہ سوچ کر چھوڑ دیا کرتے ہیں، ہر اُس کام سے پیچھے ہٹ جاتے ہیں جو شاید ہم کرسکتے ہوں۔
ہم یہ سوچ لیتے ہیں کہ ہم یہ کام نہیں کرسکتے ہم سے نہیں ہوگا ہمارے بس میں نہیں یہ تو ممکنات میں سے ہی نہیں ہے لیکن ہم یہ نہیں جانتے کہ کچھ وقت کی محنت ہمت اور حوصلے سے ہم وہ کام کر سکیں گے۔ ہم سے ایک بار نہیں ہوگا دو بار نہیں تین بار نہیں لیکن اگر ہم مستقل مزاجی سے اس کام کو وقت دیں اور اس کے لیے محنت کریں تو شاید دس بار کرنے کے بعد وہ کام ہم کرسکیں۔
اس دنیا میں ہر انسان کو اپنی خواہشات پوری کرنے کا شوق ہوتا اس دنیا کی بھیڑ میں ہر شخص چاہتا ہے کہ وہ اپنی خواہشات کو پورا کرے جس میں سے چند لوگوں کی خواہشات پوری ہوجاتی ہیں چند اپنی قابلیت کے بل بوتے پے اپنی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے محنت کرکے انہیں پورا کرتے ہیں اور اکثر لوگ اپنی خواہشات کا گلا گھونٹ دیتے اور جو چاہتے ہیں وہ حاصل نہیں کر پاتے صرف یہ سوچ کر کہ ہم سے نہیں ہوگا۔ یہ ہمارے نصیب میں نہیں ہم نہیں کر سکتے لیکن اگر وہ لوگ ذرا سی محنت کریں تو شاید وہ اپنی خواہشات کو پورا ہوتا ہوا دیکھ لیں۔
انسان جو سب چاہتا ہے اسے وہ سب نہیں ملتا لیکن اگر گر ہم یہ سوچ کر بیٹھ جائیں کہ بس اب یہ ہمارا نہیں یہ نہیں ملے گا تو یہ سراسر غلط ہے۔ انسان کو چاہیے کہ ہر کام کے لیے اپنی بھرپور کوشش کریں پھر ملنا نا ملنا اس کا نصیب۔ لیکن نا ممکن اس دنیا میں کچھ نہیں بس انسان اپنی ان الجھنوں کا شکار رہتا ہے کہ نہیں یہ ممکن نہیں ہے اور یہی سوچ کر محنت نہیں کرتا اور ہمت تک چھوڑ دیتا ہے اس کام کی اور شاید یہ بھول جاتا ہے کہ نا ممکن تو ہم انسانوں کی سوچ ہے۔
وہ ذات تو معجزوں پر قادر ہے۔ جو ایک کن کہہ کر نا ممکن کو ممکن میں تبدیل کر دیتی ہے۔