Monday, 29 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Faria Gul/
  4. Pakistan Pak Logon Ka Ghar

Pakistan Pak Logon Ka Ghar

پاکستان پاک لوگوں کا گھر

گھر کا تصور ایک بہت ہی فرحت بخش احساس ہوتا ہے۔ جہاں ہر کوئی محبت و اپنائیت کے ساتھ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ قدم ملا کر مل جل کر رہتے ہیں۔ اگر کوئی لڑکھڑا جائے تو سہارا دینے کے لیے بہت سے کندھے میسر ہوتے ہیں۔ احساس، فکر، ہمدردی و اپنائیت ان گھرانوں کی بنیاد ہوتی ہے۔ مگر لمحہ فکریہ یہ ہے کہ یہ باتیں آج صرف لفظوں تک ہی محدود ہیں۔ یہ ملک جس کے خواب نہ جانے کتنے سنہرے تھے مگر اب تعبیر اتنی ہی بھیانک ہے۔

حکمران جو ملک کی باگ دوڑ اپنے ہاتھوں میں لیتا ہے کہ اس کو آسمان کی اونچائیوں تک پہنچائے گا۔ اس میں بسنے والے لوگوں کی امیدوں کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔ آج ہمارا المیہ یہ ہے ہمارے الفاظ، ہمارا عمل، ہمارے قول و قرار میں اس حد تک تضاد ہے کہ ہمیں یہ معلوم ہی نہیں ہو رہا کہ کون یہاں سچا ہے اور کون جھوٹا؟ ایک بہت ہی خوبصورت خود فریبی کا جال بنا ہوا ہے ہر سو۔ جس کے شکنجے میں ہر کوئی جکڑا ہوا ہے۔ جھوٹ کی سیاست عام ہے یہاں اور جھوٹ کسی بھی قوم کو تباہی کے دوہانے پہ لا کھڑا کرتا ہے۔

یہ ملک جس میں بسنے والے بچے سے لے کر یہاں کے حکمران تک ہر کوئی اس لذت سے آشنا ہے۔ یہ ملک جس کی مٹی کو لہو سے اس لیے سینچا گیا کہ شاید بغیر کسی خوف و ڈر کے اسلامی قانون نافذ ہو، انصاف ہر خاص و عام کے لیے ہو، ایک مثالی معاشرہ رائج ہو جو اسلامی اصولوں پر عمل پیرا ہو۔ صد افسوس حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے یہاں عوام سے لے کر حکمران تک بس اپنی تجوری بھرنے میں مصروف ہے۔ چاہے اس کے لیے اپنے ضمیر کو ہی کیوں نا میٹھی نیند سلانا پڑے۔

اب ایک ایسا معاشرہ رائج ہے جہاں انصاف بہت مہنگا ہے۔ جھوٹ، دھوکے اور فریبی کا بازار سرگرم ہے۔ حکمران عوام کو سنہرے خواب دکھا کر لوٹ رہا ہے اور عوام دھوکے میں سب کچھ جانتے ہوئے بھی خاموشی کی اعلیٰ مثال ہے۔ جنہیں شاید حقیقت جاننے میں دلچسپی ہی نہیں۔ بس بھاگے ہی جا رہے ہیں۔ ہر کوئی اپنا اپنا مطلب لیے ایک دوسرے کو برا کہنے میں مصروف ہے۔

بس اللہ ہی اس قوم کا حامی و ناصر ہے۔

Check Also

Traffic Ke Barhate Hadsat

By Syed Imran Ali Shah