Friday, 29 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Faria Gul
  4. Musbat Pehluon Pe Nazar Rakhen

Musbat Pehluon Pe Nazar Rakhen

مثبت پہلوؤں پہ نظر رکھیں

خود کو شاباش دینا سیکھیں۔ مسکرا کر ایک تھپکی خود کو بھی دے لیا کریں۔ خود پہ بھی انویسٹ کرنا سیکھیں۔ دوسروں کی شخصیت سے متاثر ہونا بہت آسان ہے۔ اپنی شخصیت پہ کام کریں خود کو اس طرح گروم کریں کہ لوگ آپ سے متاثر ہوں۔ ہم میں سے بہت سے ایسے ہیں جو تھوڑے پہ قناعت نہیں کرتے۔ ایسے لوگ جو ہر طرف سے اپنے لیے واہ واہ سمیٹ رہے ہوتے ہیں۔ شہرت کا نشہ ایسا نشہ ہے اگر ایک دن چھوٹ جائے تو ہم خود ہی کے بارے میں منفی گمان کرنے لگتے ہیں۔ خود کو بلاوجہ کے ذہنی دباؤ اور الجھنوں کا شکار کر لیتے ہیں۔

یاد رکھیں خود کے بارے میں منفی گمان کرنا خود کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے۔ عقاب کی پرواز بے شک بہت بلند ہے مگر اس نے واپس اپنے آشیاں ہی آنا ہوتا ہے۔ آپ جتنی مرضی اونچی اڑان بھر لیں آپ کو اپنے قدم زمیں پر ہی جمانے ہیں۔ آپ کے خیالات آپ کی سوچ، آپ کی شخصیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ ہم سب کی زندگیوں میں ایسے حالات و واقعات آتے ہیں کہ ہمیں محسوس ہوتا ہے کہ بس اب اور کچھ نہیں، میں کچھ کر ہی نہیں سکتا ہم ہمیشہ منفی پہلوؤں کو ہی دیکھتے ہیں۔ مثبت پہلوؤں پر کبھی نظر ثانی ہی نہیں کی۔

قرآن میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں، تم جیسا گمان کرو گے مجھے ویسا ہی پاؤ گے۔

ہم جیسا سوچتے ہیں ہماری زندگیوں میں بھی ویسا ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ حالات جتنے بھی ناسازگار ہوں ہمیشہ مثبت سوچیں۔ آپ تھوڑے پہ شکر کرنا سیکھ لیں اللہ آپ کو آپ کی سوچ سے زیادہ نوازے گا۔ آپ کی زندگی میں جو ہے، جیسا ہے اسے قبول کریں۔ جب آپ اسے قبول کریں گے تب ہی آپ اسے تبدیل کرنے کے پہلوؤں پہ نظر ثانی کر سکتے ہیں۔

مثال کے طور پر اگر آپ ہمیشہ ہر میدان میں کامیابی حاصل کرتے آ رہے ہیں مگر ایک وقت ایسا آتا ہے کہ آپ کو شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے تب آپ اس شکست کو تسلیم نہیں کر پاتے۔ یا تو رونا شروع کر دیتے ہیں یا پھر خود کو کوسنے لگتے ہیں میں ہی کیوں، میرے ساتھ ہی کیوں؟ یہ وہ وقت ہے جب آپ کو اپنے آپ کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ وہ دلاسا جو آپ چاہ رہے ہیں دوسرے آپ کو دیں وہ آپ خود کو دیں۔

الفاظ جو آپ دوسروں سے سننا چاہ رہے ہیں وہ آپ خود کو کہنا شروع کر دیں۔ اس شکست کو تسلیم کریں اور مثبت پہلوؤں پر نظر ثانی کریں۔ اب آپ کو جس انرجی کی ضرورت ہے وہ آپ خود ہیں جو آپ کو دوبارہ اس میدان میں کامیابی سے ہمکنار کروا سکتا ہے۔ اگر آپ گر گۓ ہیں تو آپ کو خود ہی اٹھنا ہے بجائے شرمندہ ہونے کے اٹھیں اور آگے کا راستہ طے کریں۔ اپنے لیے بہترین دلاسا آپ خود ہیں۔ جو جیسا ہے اسے قبول کریں اور بہتر سے بہترین کی طرف سفر کریں۔

گرانے والے بہت ہیں تم کو

ہمت مگر تم مت ہارنا

زندگی جہد مسلسل ہے

آگے بس آگے ہی بڑھتے جانا

یہ شعور خود میں بیدار کرنا

منفی سوچوں سے

خود کو آزاد کرنا

چھونا بے شک

آسماں کی بلندیوں کو

قدم ہمیشہ زمیں پر رکھنا

یہ دور وہ دور تو نہیں

کہ کوئی آئے، اٹھائے اور گلے لگائے

مسکرا کر خودی کو

شاباش تم خود ہی دینا

پرواز بے شک بلند رکھنا

مثبت پہلوؤں پہ بھی نظر رکھنا۔

Check Also

Pak French Taluqat

By Sami Ullah Rafiq