Wednesday, 25 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Fakhar Alam Qureshi
  4. Gilgit Baltistan Mein Police Islahat Ki Ashad Zaroorat

Gilgit Baltistan Mein Police Islahat Ki Ashad Zaroorat

گلگت بلتستان پولیس میں اصلاحات کی اشد ضرورت

یہ ایک ناقابلِ انکار حقیقت ہے کہ گلگت بلتستان پولیس پاکستان بھر میں ایک مثالی اور بلند مرتبہ پولیس فورس کے طور پر جانی جاتی ہے۔ ان کی ایمانداری کا ہر شخص معترف ہے اور بہادری میں کوئی ثانی نہیں ہے، شہریوں و مسافروں کے ساتھ ان کا برتاؤ قابلِ تحسین ہے۔ پاکستان بھر سے آنے والے سیاح بھی ان کی خدمات کی ستائش کرتے ہیں اور انہیں ایک مثالی اور رول ماڈل پولیس کے طور پر پیش کرتے ہیں۔

گلگت بلتستان میں چاہے روڈ حادثات ہوں یا شرپسندوں کے خلاف معرکے، گلگت بلتستان پولیس نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے علاقے میں امن کی بحالی میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ جدید سہولیات کی عدم موجودگی کے باوجود، مجرموں کو بروقت پکڑنے میں ان کی کارکردگی حوصلہ افزا ہے۔

ہر سال چار اگست کو یومِ شہداء پولیس گلگت بلتستان جوش و جذبے اور عقیدت سے منایا جاتا ہے۔ اس اہم تقریب میں شرکت کے بعد یہ اندازہ ہوتا ہے کہ گلگت بلتستان پولیس میں سہولیات کا فقدان ہے۔ تھانوں کی حالتِ زار، بجلی کی عدم دستیابی، اور مناسب کمروں کا نہ ہونا اس کی چند مثالیں ہیں۔ گلگت بلتستان کے تین ڈویژن دیامر استور، گلگت، اور بلتستان شامل ہیں، اور دیامر ڈویژن میں کانفرنس ہال کی عدم موجودگی کی وجہ سے محکمہ پولیس کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دیامر پولیس میں اصلاحات لانے کی ضرورت اس لیے بھی زیادہ اہم ہے کہ ضلع دیامر گلگت بلتستان کا گیٹ وے ہے اور بلتستان ڈویژن کی نسبت چلاس گلگت میں شدید گرمی ہوتی ہے، جس سے فورس کے جوانوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ گلگت بلتستان بھر میں تمام پولیس اسٹیشنز، دفاتر، اور رہائش گاہوں کی حالت بہتر کی جائے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی اور سازوسامان فراہم کیا جائے۔

پولیس اہلکاروں کی مستقل تربیت اور تعلیمی پروگرامز، انسانی حقوق، اور اخلاقیات، اور جدید تفتیشی تکنیکوں کی تربیت بھی ضروری ہے۔ وفاقی حکومت گلگت بلتستان پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافہ کرے اور مناسب مراعات فراہم کرے۔ ایک مضبوط اور شفاف احتسابی نظام قائم کیا جائے تاکہ بدعنوانی اور زیادتیوں کی فوری اور منصفانہ تحقیقات ہوسکیں۔

شاہراہ بابوسر ناران کاغان پر تعینات کمیونٹی پولیس کو مزید مستحکم کرکے عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد بحال کرنے کے لیے کمیونٹی پولسنگ کے مزید منصوبے بحال کیے جائیں۔ پولیس کے متعلقہ قوانین اور ضوابط میں ترامیم کرکے غیر ضروری قانونی پیچیدگیوں کو ختم کیا جائے۔ خواتین پولیس کو مضبوط کرنے کے لیے خواتین کی بھرتی اور تربیت کو فروغ دینا اور خواتین کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی یونٹس کا قیام بھی ضروری ہے۔

آزاد پولیس کمپلینٹ کمیشنز کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ شہریوں کی شکایات کا ازالہ ہوسکے۔ ان اصلاحات کے ذریعے گلگت بلتستان کی مثالی پولیس کو مزید مؤثر، شفاف، اور عوام دوست بنایا جا سکتا ہے۔ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ ہر سال بجٹ میں گلگت بلتستان پولیس کے لیے علیحدہ فنڈز مختص کرے تاکہ یہاں کے پولیس کو مسائل کا سامنا نہ ہو۔

موجودہ سہولیات کے ساتھ، گلگت بلتستان پولیس نے خطے میں امن کی بحالی، شہریوں کے مال و جان کے تحفظ، اور مجرموں کو بروقت قانون کے کٹہرے میں لانے میں مثالی کردار ادا کیا ہے۔ تاہم، امید کی جاتی ہے کہ گلگت بلتستان پولیس میں مزید اصلاحات لاکر انہیں مضبوط کیا جائے گا۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے انہیں جدید سیفٹی کیٹس مہیا کی جائیں۔ تمام پولیس اسٹیشنز اور تھانوں کی حالت بہتر بنانے اور انہیں رینوویٹ کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ہر ضلعے میں پولیس تقریبات کے لیے ایک مناسب ہال تعمیر کیا جائے تاکہ گلگت بلتستان پولیس کی کارکردگی مزید بہتر ہوسکے۔

گلگت بلتستان پولیس کو مثالی بنانے کے لیے یہ ضروری ہے کہ انہیں جدید سہولیات اور تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے فرائض بخوبی انجام دے سکیں اور عوام کے اعتماد پر پورا اتر سکیں۔ ان اصلاحات کے ذریعے ہی ہم گلگت بلتستان پولیس کو مزید مضبوط اور مؤثر بنا سکتے ہیں۔

Check Also

Asad Muhammad Khan

By Rauf Klasra