Friday, 26 April 2024
  1.  Home/
  2. Javed Chaudhry/
  3. Saudi Arab Mein Kya Hua

Saudi Arab Mein Kya Hua

سعودی عرب میں کیا ہوا

شاہ عبدالعزیز سعودی عرب کے بانی ہیں‘ وہ کثیر الاولاد تھے‘ ان کے 45 صاحبزادے تھے‘ شاہ فہد بن عبدالعزیز کاآٹھواں اور شاہ عبداللہ کا تیرہواں نمبر تھا‘ فہد بن عبدالعزیز 1982ء میںسعودی عرب کے بادشاہ بنے اور شہزادہ عبداللہ ولی عہد‘ شہزادہ عبداللہ شاہ فہد کے دور میں اہم ترین عہدوں پر تعینات رہے‘ یہ مکہ کے میئر بھی رہے‘ نیشنل گارڈ کے کمانڈر بھی اور ڈپٹی وزیردفاع بھی‘میاں نواز شریف نے اپنے پہلے دور میں شہزادہ عبداللہ کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کر لیے تھے‘ شاہ فہد کو 1995ء میں ہارٹ اٹیک ہوا اور وہ عملاً کاروبار سلطنت سے لاتعلق ہو گئے‘ ملک کے تمام اختیارات شہزادہ عبداللہ کو منتقل ہو گئے‘ میاں نواز شریف1997ء میں دوسری بار وزیراعظم منتخب ہوئے ‘ یہ اگلے دو برسوں میں شہزادہ عبداللہ کے مزید قریب ہو گئے۔

امریکی صدر بل کلنٹن بھی شہزادہ عبداللہ کے بہت قریب تھا‘ میاں نواز شریف نے 28 مئی 1998ء کو ایٹمی دھماکے کیے‘ پاکستان کو دھماکوں کے دوران بل کلنٹن اور شاہ عبداللہ دونوں کی حمایت حاصل تھی‘ بل کلنٹن نے پاکستان کو قانونی طور پر دھماکوں سے روکنے کی کوشش کی لیکن انھیں ذاتی طور پر کہا ’’میں آپ کی مجبوری سمجھتا ہوں‘‘ یہ ذاتی تھپکی پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا گئی‘ شہزادہ عبداللہ نے ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان کا کھل کر ساتھ دیا‘ یہ پاکستان کو تین سال تک مفت پٹرول بھی دیتے رہے اور مالی امداد بھی‘ جنرل مشرف نے1999ء میں حکومت پر قبضہ کر لیا‘ بل کلنٹن اور شہزادہ عبداللہ دونوں نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہو گئے‘ سفارت کاری ہوئی‘ لبنان کی الحریری فیملی کو سامنے لایا گیا۔

میاں نواز شریف نے جنرل پرویز مشرف کے ساتھ معاہدہ کیا اور یہ 10 دسمبر 2000ء کو خاندان سمیت جدہ شفٹ ہو گئے‘ شہزادہ عبداللہ نے سعودی عرب میں آئوٹ آف دی وے شریف فیملی کی مدد کی‘ قیام کے لیے سرور پیلس دیا‘ اسٹیل مل کے لیے مفت زمین دی اور لندن میں کاروبار کے لیے سرمایہ فراہم کیا‘ شریف فیملی نے شہزادہ عبداللہ کی مدد سے سعودی عرب کی سب سے بڑی اسٹیل مل لگائی اور یہ چند ماہ میں ارب پتی ہو گئے‘ میاں نواز شریف جدہ میں بیٹھ کر لندن میں پراپرٹی کا کاروبار بھی کرنے لگے‘ یہ انٹرنیٹ اور ٹیلی فون پر سودا کرتے‘ رقم سعودی عرب سے بھجواتے‘ پراپرٹی خریدتے‘ مرمت کراتے اور دوبارہ فروخت کر دیتے‘حسن نواز جدہ سے لندن شفٹ ہوئے تو پراپرٹی کا کاروبار انھوں نے سنبھال لیا‘ شاہ فہد یکم اگست 2005ء کو انتقال کر گئے جس کے بعد شہزادہ عبداللہ باقاعدہ بادشاہ بن گئے‘ میاں نواز شریف مزید تگڑے ہو گئے‘ یہ شاہ عبداللہ کی مدد سے 2006ء میں لندن شفٹ ہو گئے‘ شاہ عبداللہ نے این آر او کے بعد2007ء میں میاں نواز شریف کو پاکستان بھی بھجوا دیا‘ مشرف نواز شریف کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں تھے لیکن شاہ عبداللہ نے جنرل مشرف کو سعودی عرب بلا کر حکم دیا ’’اگر بے نظیر پاکستان میں ہیں تو نواز شریف بھی ضرور ہوں گے‘‘ یوں میاں نواز شریف پاکستان آ گئے جب کہ حسین نواز جدہ اور حسن نواز لندن میں کاروبار کرتے رہے۔

شاہ عبداللہ کے بعد پرنس نائف بن عبدالعزیز ولی عہد تھے لیکن یہ 16 جون2012 کو انتقال کر گئے جس کے بعد شہزادہ سلیمان بن عبدالعزیز ولی عہد بن گئے‘ شہزادہ سلیمان اور شاہ عبداللہ کے تعلقات اچھے نہیں تھے‘ شاہ عبداللہ کے چار صاحبزادے اہم ترین عہدوں پر بھی فائز تھے اور یہ اس دور کے بااثر ترین لوگ بھی تھے‘ متعب بن عبداللہ سعودی عرب کی طاقتور ترین فورس نیشنل گارڈزکے کمانڈرتھے‘ کابینہ میں ان کے لیے نیا پورٹ فولیو بھی تخلیق کیا گیا تھا‘ ترکی بن عبداللہ ریاض کے ڈپٹی گورنر اور بعد ازاں گورنر بنے‘ ان کا بیٹا فہد بن عبداللہ شاہ عبداللہ کے دور میں وزیر دفاع بنا اور شہزادہ میشال بن عبداللہ یہ وزارت خارجہ کے تیسرے اہم ترین عہدیدار اور نجران اور مکہ کے گورنر رہے‘ شاہ عبداللہ کے دور میں ان چار شہزادوں کے علاوہ صالح کامل‘عادل الفقہ‘ بکر بن لادن اور شہزادہ عبدالعزیز بن فہد یہ چار حضرات بھی بہت اہم تھے‘ شاہ عبداللہ صالح کامل کو ہمیشہ اپنی بائیں جانب بٹھاتے تھے‘ یہ پوزیشن سعودی روایات میں انتہائی اہم اور قابل عزت سمجھی جاتی ہے۔

عادل الفقہ شاہ عبداللہ کے دور میں جدہ کے میئر تھے ‘ بکر بن لادن سعودی عرب کی سب سے بڑی تعمیراتی کمپنی لادن گروپ کے سربراہ تھے‘ یہ اسامہ بن لادن کے بھائی بھی ہیں اور شہزادہ عبدالعزیز بن فہد شاہ عبداللہ کا قریبی ساتھی اور مشیر تھا‘ یہ تمام شہزادے اپنے والد شاہ عبداللہ کی وجہ سے میاں نواز شریف کا بہت احترام کرتے تھے‘ یہ بھی شنید ہے میاں نواز شریف کی ان کے ساتھ کاروباری شراکت بھی تھی لیکن یہ بات کنفرم نہیں ہو سکی‘ میاں نواز شریف 2013ء میں تیسری بار وزیراعظم بن گئے یوں شاہ عبداللہ اور نواز شریف کا بانڈ مزید مضبوط ہو گیا لیکن بدقسمتی سے 23 جنوری 2015ء کو شاہ عبداللہ کا انتقال ہو گیا اور شہزادہ سلیمان بادشاہ بن گئے‘ شاہ سلیمان کے بعد شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز ولی عہد تھے لیکن شاہ سلیمان نے اقتدار سنبھالتے ہی شاہی خاندان اور کاروبار سلطنت میں بڑی بڑی تبدیلیاں کر دیں‘ انھوں نے اپنے29 سالہ صاحبزادے شہزادہ محمد بن سلمان کوسعودی عرب کاوزیر دفاع بنا دیا‘یہ دنیا کے نوجوان ترین وزیر دفاع تھے‘ یہ بعد ازاں21 جون 2017 کو مقرن بن عبدالعزیز کی جگہ ولی عہد بھی نامزد کر دیے گئے اور یوں سعودی عرب میں ہر چیز تلپٹ ہو گئی۔

شہزادہ محمد بن سلمان پڑھے لکھے‘ ماڈرن اور اصلاحات کے داعی ہیں‘ یہ شاہ سلیمان کی تیسری اہلیہ کے بطن سے ہیں‘ یہ خواتین کو حقوق دینے کے حامی ہیں‘یہ سعودی عرب کو ’’تیل سے آزاد معیشت‘‘ بنانا چاہتے ہیں‘ یہ مضبوط دفاع کے حق میں بھی ہیں اور یہ کرپشن کے خلاف بھی ہیں‘ یہ سمجھتے ہیں سعودی عرب تیل کی بنیاد پر زیادہ عرصہ نہیں چل سکے گا‘ ہمیں انڈسٹری‘ سیاحت اور اسٹاک ایکسچینج پر توجہ دینا ہو گی لیکن یہ تمام شعبے اس وقت تک ترقی نہیں کر سکیں گے جب تک ہم شاہی خاندان سے کرپشن ختم نہیں کرتے چنانچہ شہزادہ محمد بن سلمان نے 5 نومبر کو اینٹی کرپشن کمیٹی بنائی اورچندگھنٹے میں سعودی عرب کے 38 طاقتور ترین لوگ گرفتار کر لیے‘ ان میں 11 شہزادے بھی شامل تھے‘ چار شہزادے مرحوم بادشاہ شاہ عبداللہ کے خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔

یہ شہزادہ متعب‘ شہزادہ ترکی‘ شہزادہ میشال اور شہزادہ فہد بن عبداللہ ہیں جب کہ شاہ عبداللہ کے قریبی ساتھی صالح کامل‘ عادل الفقہ‘ شہزادہ عبدالعزیز بن فہد اور بکر بن لادن بھی گرفتار شدگان میں شامل ہیں یوں سابق شاہ کے تمام اہم ترین مہرے کرپشن کے الزام میں گرفتار ہو گئے‘ شہزادہ متعب نے حکومت کے ساتھ پلی بارگین کر لی‘حکومت کو ایک ارب ڈالر ادا کیے اور یہ رہا ہو گئے‘سعودی عرب میں یہ اطلاعات بھی گردش کر رہی ہیں شہزادہ متعب اور شہزادہ میشال نے اپنے درجن بھر بزنس پارٹنرز کے نام حکومت کو دے دیے ‘ان پارٹنرز میں سعد الحریری‘ میاں نواز شریف اور خالدہ ضیاء بھی شامل ہیں‘ سعودی میڈیا کے مطابق یہ لوگ شاہی خاندان کے لیے منی لانڈرنگ کرتے رہے‘ حکومت کو ایک اور شہزادہ منصور بن مقرن بھی مطلوب تھا‘ یہ صوبہ اسیر کے گورنر تھے لیکن یہ 5 نومبرکو یمن کی سرحد کے قریب ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔

ہم اب پرنس محمد اور میاں نواز شریف کے تعلقات کی طرف آتے ہیں‘ شاہ سلیمان اور ولی عہد پرنس محمد بن سلمان میاں نواز شریف سے خوش نہیں ہیں‘ ناراضگی کی دو بڑی وجوہات ہیں‘ پرنس محمد نے وزارت دفاع کا قلم دان سنبھالتے ہی فروری 2015ء میں یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فوج کشی کا فیصلہ کیا‘ شاہ سلیمان نے وزیراعظم میاں نواز شریف کو چار مارچ 2015ء کو ریاض بلایا اور فوجی مددکی درخواست کی‘ میاں نواز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مشورہ کیا‘ آرمی چیف نے ’’اوکے‘‘ کر دیا‘ میاں نواز شریف نے مدد کی حامی بھرلی‘ شاہ سلیمان مطمئن ہو گئے لیکن بعد ازاں آرمی کی تجزیاتی ٹیم نے تجزیہ کیا اور یمن کو پاکستان کے لیے واٹر لو قرار دے دیا‘ جنرل راحیل شریف دو بریگیڈیئر زکو لے کر وزیراعظم ہائوس پہنچ گئے۔

میاں نواز شریف کو پریذینٹیشن دی گئی اور سعودی عرب سے معذرت کا مشورہ دیا گیا‘ نواز شریف اور جنرل راحیل شریف دونوں نے یہ معاملہ پارلیمنٹ پر ڈال کر جان بچانے کا فیصلہ کیا‘ حکومت یمن ایشو کو پارلیمنٹ میں لے گئی اور پارلیمنٹ نے 10 اپریل 2015ء کو یمن کے معاملے میں نیوٹرل رہنے کی قرارداد پاس کر دی‘ سعودی سفارت خانے نے پارلیمنٹ کی تقریروں کا ترجمہ کرایا اور یہ تمام تراجم ریاض بھجوا دیے‘ شاہ سلیمان اور شہزادہ محمد اس وعدہ خلافی پر نواز شریف سے ناراض ہو گئے‘ دوسری وجہ قطر کا شاہی خاندان بنا‘ سعودی عرب نے 5 جون 2017 کو قطر پر پابندیاں لگا دیں‘ میاں نواز شریف اس برے وقت میں قطر کے شاہی خاندان کے ساتھ کھڑے ہوگئے‘ شہزادہ حماد بن جاسم 29 نومبر کو 13 رکنی وفد کے ساتھ میاں نواز شریف سے ملاقات کے لیے لاہور بھی آئے‘ یہ دورہ اونٹ کی کمر پر تنکا ثابت ہوا اور سعودی عرب نے شریف خاندان کے ساتھ ہر قسم کے تعلقات منقطع کر دیے‘ یہ بھی شنید ہے حسین نواز کو سعودی عرب میں بلا کر کہہ دیا گیا ’’اپنی اسٹیل مل اٹھائیں اور یہاں سے چلتے بنیں‘‘ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے معاملات ٹھیک کرنے کی کوشش کی لیکن شاہ سلیمان اور شہزادہ محمد نے صاف انکار کر دیا‘ سعودی عرب نے جے آئی ٹی کے دوران بھی شریف خاندان کی مدد سے انکار کر دیا تھا حتیٰ کہ سعودی بینکوں نے رقوم کی قانونی منتقلی کا ریکارڈ دینے سے بھی انکار کر دیا تھا۔

یہ سعودی عرب اور پاکستان کی سیاسی صورتحال تھی‘ ہم اب آتے ہیں موجودہ صورتحال کی طرف‘ سعودی عرب نے میاں شہباز شریف کے لیے اچانک جہاز کیوں بھجوایا اور شریف برادران سعودی عرب کیوں گئے‘ یہ میں ان شاء اللہ کل عرض کروں گا۔


About Javed Chaudhry

Javed Chaudhry is a newspaper columnist in Pakistan. His series of columns have been published in six volumes in Urdu language. His most notable column ZERO POINT has great influence upon people of Pakistan especially Youth and Muslims of Pakistan. He writes for the Urdu newspaper Daily Express four time a week, covering topics ranging from social issues to politics.

Check Also

Insaan Rizq Ko Dhoondte Hain

By Syed Mehdi Bukhari