Saturday, 27 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Arif Anis Malik/
  4. Yehi Din Hain Mohabbat Ke (1)

Yehi Din Hain Mohabbat Ke (1)

یہی دن ہیں محبت کے (1)

اس روز میں نے ایک دن میں تیسری مرتبہ اپنا سر پیٹا تھا۔ لکھنے کی میز پر روشنائی کی دوات الٹی ہوئی تھی۔ نفسیات پر سیمینار کے حوالے سے لکھی ہوئی رپورٹ ورق ورق ہو چکی تھی۔ ٹیبل کلاک کے سیل نکلے پڑے تھے اور موبائل فون اوندھے منہ گرا ہوا تھا۔ میز کے دونوں دراز کھلے ہوئے تھے۔ نچلے دراز میں پڑی ہوئی فائلوں پر گندے رومال کے ساتھ ہی کیچڑ سے بھرا ہوا ایک جوتا پڑا تھا۔

میں تھوڑی دیر سکتے میں کھڑا غصہ چباتا رہا۔ "بی بی! میری میز پر دوات تم نے الٹی ہے؟" میں نے مٹھیاں بھینچتے ہوئے اپنی بیوی عظمیٰ، جسے پیار سے سب بی بی کہتے تھے پوچھا، وہ اس وقت ڈریسنگ ٹیبل کے سامنے کھڑی بال خشک کر رہی تھی۔

"نہیں بھئی مثال نے الٹی ہوگی" اس نے میرے طنز کو سمجھے بغیر پاٹ دار لہجے میں جواب دیا۔ میں نے ایک لمبی سانس بھری اور اسی وقت فیصلہ کیا کہ اب میں اپنی ڈیڑھ سالہ سالہ بیٹی "مثال" سے نپٹ لوں گا۔

لیکن خیر یہ توکل کی بات تھی۔ آج میں پھر اسی ٹیبل پر کچھ کاغذ اور قلم سنبھالے بیٹھا ہوں۔ مجھے دو دن بعد بچوں کی نفسیات کے سلسلے میں منعقد ایک کانفرنس میں مقالہ پڑھنا ہے۔ میرے سامنے تین چار کتابیں کھلی ہوئی ہیں اور میں ہونٹ چباتے ہوئے کچھ سوچنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ بی بی میری بہنوں رفعت، امےّ اور میشا کے ساتھ اپنے بھائی کی شادی کی تیاری کے لیے خریداری کرنے گئی ہوئی ہے اور میں گھر میں اکیلا۔۔ ناں جی ناں، میں اکیلا کہاں ہوں؟ میری بیٹی مثال میرے ساتھ ہی گھر میں موجود ہے۔

"لیکن وہ ہے کہاں؟ میں نے اس کا خیال آتے ہی اس کی تلاش میں نظریں دوڑائیں۔ کمرہ خالی ہے۔ مثال ضرور دوسرے کمرے میں لڑھکتی پھر رہی ہوگی۔ ا س کے ہاتھ میں کیلنڈر سے پھاڑا ہوا کچھ حصہ یا شاید فون کا ریسیور یا وائی فائی کا پلگ ہوگا جو وہ اکثر کھینچ کر تاروں کو ڈبیا سے اُکھاڑ لاتی ہے۔ ہو سکتا ہے وہ اپنے چھوٹے پیانو پر کہنیاں یا پاؤں چلا کر کھلکھلا رہی ہو۔ بہر حال اطمینان کی بات یہ ہے کہ وہ دوسرے کمرے میں ہے۔ لیکن۔۔ لگتا یہی ہے کہ یہ اطمینان عارضی ہے۔ لگتا ہے کہ آج بھی مثال کا اور میرا ٹکراؤ ہو کر رہے گا۔

مثال کے روزمرہ کے اکثر معمولات میرے پلان سے الجھ جاتے ہیں، وہ اس وقت ٹی وی کی پوری آواز کھول دیتی ہے جب میں لکھنے کی کوشش کر رہا ہوتا ہوں اور معمولی سی چاپ سننے کا بھی رودار نہیں ہوتا۔ جب میں تھک ہار کر گھنٹے دوگھنٹے کے لیے قیلولہ کرنے کے لیے لیٹتا ہوں تو وہ اس وقت اپنا ننھا جھاڑو قالین اور صوفے پر مارتے مارتے میرے سر اور کپڑوں سے بھی مٹی جھاڑنا شروع کر دیتی ہے۔ اگر دفتر کے کوئی ساتھی اپنی بیگم کے ہمراہ ہمارے ڈرائینگ روم میں بیٹھے چائے پی رہے ہوں تو وہ بڑے اطمینان سے اپنا دودھ کا کپ ان کے کپڑوں یا قالین پر خالی کر دیتی ہے۔ کبھی کبھی وہ میری کتابوں کے شیلف کے کسی خانے میں گھس کر آرام کرتی ہوئی پائی جاتی ہے۔ شیلف میں لیٹنے کے لیے وہ کتابوں کو کان پکڑ کر باہر نکالتی ہے تو کان اس کے ہاتھوں میں رہ جاتے ہیں۔ جب میں اپنے باس یا کسی دوست سے فون پر ضروری گفتگو میں محو ہوتا ہوں تو وہ خاصی تگ ودو سے فون کی تاریں سوئچ سے باہر کھینچ کر میرے ہاتھ میں پکڑا دیتی ہے۔ صوفوں کی تاروں کی لچک کی پڑتال کے لیے وہ اکثر ان پر چھلانگیں لگاتی ہی رہتی ہے۔

ارے صاحب، پھر وہ منحوس ہامون گڈا۔۔ جو اپنی زندگی کے عروج کے دن گزار چکا ہے۔ ایک سال پہلے طارق بھائی نے مثال کی سالگرہ پر اسے وہ کنگ سائز گڈا تحفے کے طور پر دیا تھا۔ اس وقت اس کا نام "ڈمپٹی"تھا اور سرپر سنہرے بالوں کے علاوہ ہونٹوں پر دل آویز مسکراہٹ تھی۔ گڈے سے مثال کی فوراََ دوستی ہوگئی۔ سب سے پہلے اس نے ڈمپٹی کا نام تبدیل کرکے اسے کسی ٹی وی ڈرامے کے کردار ہامون کا نام دے دیا، پھر اس نے اس کے سنہری بال کالے کرنے کی کوشش کی۔ خیر۔۔ ہامون سے اس کی گاڑھی چھننے لگی۔ اکثر وہ اس کے کانوں میں سرگوشاں کرتی ہوئی اور اس کی باتوں کے جواب میں سرہلاتی ہوئی پائی جاتی ہے۔ تین دن پہلے میں نے ہامون کا حلیہ دیکھا تو اس کی حالت غیر تھی۔

سر سے آدھے بال اور ایک گال غائب تھا۔ داہنی آنکھ کی جگہ گڑھا پڑا ہوا تھا اور وردی لیرولیر ہو چکی تھی، ٹانگوں اور بازؤں پر چھترول کے واضح نشان موجود تھے اور اس سے بھیڑوں جیسی بو آرہی تھی۔ میری بیوی نے اس کی صفائی ستھرائی کے لیے اسے واشنگ مشین میں ڈال دیا۔ جب اسے مشین سے باہر نکالا گیا تو اس کی بائیں ٹانگ اور دایاں بازو اُڑچکا تھا۔ پیٹ سے نکلی ہوئی فوم ادھر اُدھر بکھری پڑتی تھی۔ بی بی نے دو گھنٹے کی مشقت کے بعد فوم واپس ٹھونس کر سی دیا۔ ہمارا خیال تھا کہ مثال اس مجروح اور معذور ہامون کو پھینک دے گی، لیکن ہمارا خیال حسبِ معمول غلط ثابت ہوا۔ اب وہ جھاڑو دیتے وقت ہامون کو ایک ٹانگ سے زیادہ آسانی سے اُٹھا لیتی ہے۔

خیر تو میں اس وقت خالی ذہن لیے سادہ صفحے کو گھورہا ہوں کچھ دیر بعد مجھے بچوں کی نشو ونما کے سلسلے میں فرانسیسی ماہر نفسیات پیاچے کی تحقیق کے بارے میں ایک نکتہ سوجھتا ہے۔ میں جیسے ہی ایک سطر لکھ چکتا ہوں میز پر دستک کے ساتھ ہی بب بب کی آواز گونجتی ہے۔ مثال دوسرے کمرے سے آچکی ہے۔

"بب، بب، بب، بب" اس کی آنکھیں چمک رہی ہیں اور وہ قالین پر پاؤں پٹخ رہی ہے۔ بب، بب اس کا متوجہ کرنے کا کوڈ ہے۔ جب مجھے کوئی چیز دکھانا چاہتی ہو تو اس لہجے میں سگنل دیتی ہے۔

"دیکھو مثال! پیاجے نے تم جیسے بچوں کے بارے میں کچھ باتیں لکھی ہیں۔ تم نے کبھی پیاجے کا نام سنا؟" میں نے خود کو پُر سکون رکھتے ہوئے اس سے پوچھا۔

"بب، بب، بب" وہ قلقاری مار کر ہنستی ہے۔ اس کے ہونٹوں سے رال کے قطرے ٹپک کر گلے کے ساتھ لٹکے ہوئے گیلے رومال میں جذب ہو جاتے ہیں پھر وہ انگلی پکڑ کر کھینچتی ہے اور پاؤں پٹخنا جاری رکھتی ہے۔ مجھے اس کے ساتھ کھڑکی تک جانا ہی پڑتا ہے۔

کھڑکی کے بالکل سامنے والے درخت پر چار پانچ طوطے بیٹھے ہیں۔ ان کی چونچیں اتنی سرخ ہیں کہ لگتا ہے انہوں نے انتہائی تیز لپ سٹک لگائی ہوئی ہے۔ وہ باری باری پر پھڑ پھڑاتے ہوئے درخت کے گرد چکر کاٹتے ہیں۔ مثال کے چہرے پر خوشی نے بھنگڑا ڈال رکھا ہے۔ بب بب کی مسلسل آواز آرہی ہے۔ میں سوچتا ہوں"پیاجے کی تحقیق کے مطابق۔۔ اوہ میرے خدایا میں نے بی بی کے جانے کے بعد ابھی تک دروازہ ہی نہیں بند کیا"۔ میری نظر کھلے ہوئے گیٹ پر پڑتی ہے۔ مثال اچانک فراٹے بھرتی ہوئی دروازے سے باہر نکل جاتی ہے۔ اس کے پاؤں کی دھپ دھپ ابھی تک مجھے سنائی دے رہی ہے۔ پھر وہ اسی طرح کدکڑے لگاتی ہوئی واپس آتی ہے۔ اس نے ہامون کو بالوں سے پکڑ ہوا ہے۔ ہامون کو کھڑکی کے شیشے سے لگا کر وہ ننھے منے ہاتھ سے طوطوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس کے کان میں بڑ بڑاتی ہے۔ بب، بب اور پھر شیشہ پیٹتے ہوئے ہنستی ہے۔ مجھے لگتا ہے جیسے ایک گال والا بدمعاش ہامون بھی مسکرا رہا ہے۔

میں اسے ہامون کے ساتھ باتیں کرتا ہوا چھوڑ کر گیٹ کا دروازہ بند کرنے کے بعد واپس میز کے سامنے آبیٹھتا ہوں۔ تقریباََ پانچ منٹ بعد مجھے دوبارہ دھپ دھپ کی بجائے ٹک ٹک کی آواز سنائی دیتی ہے۔ مثال اپنی ماں کے جوتے پہنے پھونک پھونک کر قدم رکھتی ہوئی آرہی ہے۔ اس کے دائیں ہاتھ میں نیلا مارکر ہے جس کی ٹوپی غائب ہے۔ اب وہ یقینا لکھنے میں میری مدد کرنا چاہتی ہے۔

"شکریہ مثال۔ میں اپنا کام کر لوں گا۔ تم جا کر بب بب دیکھو" میں خطرہ بھانپ کر کھڑکی کی طرف اشارہ کرتا ہوں، لیکن مثال بہتر جانتی ہے کہ اسے کیا کرنا چاہئے۔ وہ بھاگتی ہوئی چھوٹے دروازے سے کچن میں جا گھستی ہے۔

"چھن، چھن چھناک" شاید شیشے کا کوئی برتن گرا ہے۔ اچانک مجھے نئے ڈنر سیٹ کا خیال آتا ہے۔ جسے میں اور بی بی پچھلے ہفتے صنعتی نمائش سے خرید کر لائے تھے۔ میں بجلی کی سی تیزی سے کچن میں پہنچتا ہوں لیکن تب تک شیشے کا بڑا جگ سائیڈ ٹیبل سے گر کر کئی حصوں میں بٹ چکا ہے۔ مثال دونوں ہاتھ باندھے میرے چہرے کو پڑھنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مجھے مضمون لکھنے کی اتنی جلدی ہے کہ جگ ٹوٹنے پر بھی مجھے غصہ نہیں آتا۔ مجھے صرف یہ ڈر لگا کہ وہ کہیں اپنے پاؤں زخمی نہ کر لے سو اسے کچن سے نکال کر دروازہ بند کرتا ہوں اور واپس آکر کاغذ قلم سنبھال لیتا ہوں۔ "۔۔ نشوونما کئی مختلف مراحل میں جا کر مکمل ہوتی ہے۔ اس حوالے سے کئی آراء پائی جاتی ہیں۔۔ "

میں اس سطر تک پہنچتا ہوں کہ ایک ننھا سا ہاتھ میرے کوٹ کے بٹن کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔ میرے سامنے مثال کھڑی ہے۔ اس کے ایک ہاتھ میں ٹاؤں، ٹاؤں کرنے والے جوتے ہیں جن کے اندر جرابیں لٹک رہی ہیں۔

اب میں آسانی سے اندازہ لگا سکتا ہوں کہ آگے کیا ہوگا۔ پہلے پہل وہ جوتے اور جرابیں گھسیٹ لاتی ہے پھر وہ میرے کالر کھینچتی ہے۔ میں جا کر بچہ گاڑی اُٹھا لاتا ہوں اور پانچ دس منٹ بعد ہم گھر کے سامنے والے پارک میں پہنچ جاتے ہیں۔ مثال ہاتھ میں پکڑی ہوئی گیند ادھر اُدھر دے مارتی ہے تاکہ میں اسے واپس اُٹھا کر پکڑا دوں۔ وہ یہ بھی توقع کرتی ہے کہ میں اسےشہتوت یا پیپل کے درخت سے ایک دو پتے توڑ کر لادوں گا۔ وہ ان پتوں کو مٹھی میں جکڑ لیتی ہے اور پھر ڈگمگاتی ہوئی پھولوں کی روشوں کے درمیان بھاگتی ہے۔

جاری۔۔

Check Also

Mein Aap Ka Fan Hoon

By Rauf Klasra