1.  Home/
  2. Blog/
  3. Ibn e Fazil/
  4. Haadson Ke Muntazir

Haadson Ke Muntazir

حادثوں کے منتظر

لاہورکی مشہور زمانہ نہر پر مغلپورہ کے پاس ایک جگہ ہے جسے چوبرجی کہتے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل وہاں ایک ریلوے کا پھاٹک ہوتا تھا جو چوبرجی پھاٹک کہلاتا، اب وہاں انڈر پاس تعمیر کیا جاچکا ہے۔ چوبرجی پھاٹک پر ریلوے لائن سڑک کو ترچھی عبور کرتی تھیں، یعنی قائمہ زاویہ نہیں تھا۔ ایک دن اتفاق سے وہاں گاڑی پنکچر ہوگئی تو جانا کہ پھاٹک کے ساتھ ہی سڑک کے ایک طرف ایک پنکچر کی دکان ہے اور ایک سائیکل مرمت کرنے والے صاحب ساتھ ساتھ ٹھیہ لگائے بیٹھے ہیں۔

پنکچر لگانے والے صاحب کے پاس میں ایک لکڑی کے بنچ پر بیٹھا ٹیوب سے نکلنے والے بلبلوں کی تعداد کا تعین کررہا تھا کہ ایک جوڑا موٹر سائیکل پر ریلوے لائن عبور کرتا ہوا گر گیا۔ ان کی موٹر سائیکل کا ٹائر لائن کے درمیان پھنس کر اسقدر ٹیڑھا ہوگیا کہ موٹر سائیکل چلنے کے قابل نہ رہی۔ وہ ابھی سنبھل کر حالات کا جائزہ ہی لے رہے تھے کہ سائیکل مرمت کرنے والے صاحب بھاگ کر ان کے پاس گئے اور ان سے کہا کہ یہ میں آپکودرست کردیتا ہوں۔

مجھے بڑی حیرت ہوئی کہ جیسے یہ صاحب اس حادثہ کے منتظر تھے۔ میں نے پنکچر والے سے پوچھا، بھائی کیا ایسے حادثات یہاں اکثر ہوتے ہیں۔ جواب ملا کہ روزانہ درجن بھر تو ہوہی جاتے ہیں۔ دراصل ریلوے لائن ٹیڑھی ہونے کی وجہ سے ذرا سے بے احتیاطی یا بے دھیانی ایسے حادثات کا باعث بن جاتی تھی۔ اور وہ سائیکل مرمت کرنے والے صاحب کا سارا نظام حیات انہیں حادثات پر منحصر تھا۔ میں نے کہا عجیب لوگ ہو بھائی، جب جانتے ہو کہ روزانہ درجنوں لوگ خواتین وحضرات پریشان ہوتے ہیں تو یہاں کو ئی سپیڈ بریکر کو تنبیہی تختہ وغیرہ کیوں آویزاں نہیں کرتے۔ کہ اللہ کی مخلوق حادثات سے بچ جائے۔ ان کا خیال تھا کہ یہ سرکار کا کام ہے، ہم کیوں اپنی روزی پر لات ماریں۔

سچی بات یہ کہ اس وقت میں نے بھی بطور شہری اپنا حق ادا نہیں کیا، وگرنہ مجھے چاہیے تھا علاقے کے کونسلر یا کسی دوسرے نمائندہ سے اس بابت جاکر ملتا اور اس مسئلہ کا حل کرواتا۔ مجھے آج بھی اس بات کا قلق ہے۔ لیکن اب کوشش رہتی ہے کہ ایسی غلطیوں کا ازالہ کیا جائے۔ لیکن افسوس کی بات ہے کہ معاشرے کے عمومی رویے میں اب بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

ابھی کل کا واقعہ ہے۔ ہمارے ایک عزیز لاہور سے راولپنڈی جارہے تھے، راولپنڈی کے قریب مین جی ٹی روڈ پر ایک مقام پر سڑک کی حالت اس قدر خراب تھی اور اندھیرا بھی اسقدر تھا کہ درمیانی رفتار پر ہوتے ہوئے بھی گاڑی بڑے حادثہ کا شکار ہوگئی۔ رات کے اس پہر وہاں نہ کوئی مکینک میسر تھا اور نہ کوئی ہوٹل۔ ستم بالا ستم یہ ہوا کہ پیچھے سےآنے والی ایک اور گاڑی بھی اندھیرے اور سڑک کی حالت کی وجہ سے ان کی کھڑی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ وہ تو خداکا شکر ہوا کہ سب لوگ محفوظ رہے، بس دو افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔

وہاں بھی مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس جگہ پر روزانہ درجنوں حادثات ہوتے ہیں، مگر نہ تو کوئی اس جگہ کو درست کرتا ہے اور نہ ہی کوئی تنبیہی تختہ ہی لگانے پر آمادہ ہے کہ اللہ کی مخلوق خوامخواہ کی مصیبتوں سے بچ جائے۔ حکومتی اداروں کی نااہلی تو مسلمہ ہے ہی معاشرے کی بےحسی بھی عروج پر ہے۔ کہتے ہیں حادثات لوگوں اور معاشروں کی تربیت کرتے ہیں نہیں معلوم کہ ہم کس حادثے کے بعد سدھریں گے۔

Check Also

Chand Baatein Apne Publishers Ke Baare Mein

By Ali Akbar Natiq