1.  Home/
  2. Blog/
  3. Ibn e Fazil/
  4. Besh Qadar Ki Naqadri

Besh Qadar Ki Naqadri

بیش قدر کی ناقدری

کرکیومِن Curcumin، قدرتی طور پر پایا جانے والا ایک کیمیائی مرکب ہے۔ جو مختلف نباتات میں پایا جاتا ہے۔ اس کرکیومِن میں خالقِ ارض وسما نے انسانی صحت کے لیے بے شمار فوائد رکھے ہیں۔ اس میں نہ صرف بہت سی اقسام کے انسانی صحت کے دشمن جراثیموں (بیکٹیریا، وائرس اور فنجائی) کو ختم کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ بلکہ یہ ان نقصان پہنچانے والے جراثیم سے، انسانی جسم میں ہوئی شکست وریخت کو مندمل کرنے کا بھی سب سے زبردست ذریعہ ہے۔ لہٰذا زخموں کو ٹھیک کرنے کے لیے تیر بہدف ہے۔

وقت کے بے رحم تھپیڑوں سے جسم کے مختلف عضلات کو پہنچنے والے اثرات، اور بڑھاپے کے اثرات کو مؤخر کرنے والی چند بہترین اشیاء میں سے ایک ہے۔ جوڑوں کے دردوں کا علاج ہے۔ دماغی صحت کے لیے اکثیر ہے۔ حافظہ میں اضافہ کا باعث بنتا ہے۔ بلکہ بھولنے والی بیماری الزائمرز alzheimer's diseaseکی روک تھام اور علاج میں مفید ہے۔ اسی طرح کرکیومِن دل کے عضلات کو مضبوط بناتا ہے۔ انجائنا کے مریضوں کے لیے اس کا مسلسل استعمال بے حد مفید ہے۔ دل کے دورے اور دل کے امراض سے جڑی دیگر پیچیدگیوں میں کمی کا باعث ہے۔

انسانی جلد کو تروتازہ رکھنے میں اس کا استعمال بہت ممدومعاون ہے۔ سانس کی بیماریوں جیسے استھما، پھیپھڑوں کی سوزش اور کھانسی، مختلف اقسام کی الرجی وغیرہ میں بھی مفید ہے۔ اور سب سے بڑھ کر انسانی جسم میں روزانہ کی بنیاد پر قدرتی طور پر بننے والے سرطان کے خلیوں کو ختم کرکے، سرطان جیسے موذی مرض سے حفاظت کا باعث بنتا ہے۔ بہت سی اقسام کے سرطان کے علاج میں بھی مددگار ثابت ہوا ہے۔ یہ اور ان کے علاوہ کرکیومِن کے فوائد کی ایک طویل فہرست ہے۔ اس قدر خصوصیات کی وجہ سے، یہ انسانوں کے لیے کسی طور قدرت کے تحفے سے کم نہیں۔

مگر اس قدر زبردست، یہ کیمیائی مرکب قانون فطرت کے عین مطابق نازک مزاج بھی ہے۔ ایک تو بہت زیادہ درجہ حرارت پر، یا نسبتاً کم درجہ حرارت پر، زیادہ دیر تک گرم کرنےسے اپنی افادیت کھو دیتا ہے۔ دوسرا پانی میں حل پذیر نہ ہونے کے باعث، اسے خون میں زیادہ مقدار میں اور زیادہ دیر کےلیے رکھنا کافی مشکل امر ہے۔ جب کہ اس سے پوری طرح فائدہ اٹھانے کے لیے، اس کا خون میں شامل رہنا ضروری ہے۔ ان دونوں مسائل اور ان کے حل پر بات کرنے سے پہلے ہمارے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ، یہ قدرتی تحفہ ہلدی میں بہت زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے۔

گو کہ ہلدی کے استعمال کا چلن ہمارے ہاں صدیوں سے ہے اور بکثرت ہے، تاہم جستجو اورشوق آگہی سے عاری اور سائنسی طرز حصول علم سے بے رغبتی کے باعث، اس سے کماحقہ فائدہ نہیں اٹھا پارہے۔ ہماری لاعلمی کا شاخسانہ یہ ہے کہ، ہمارے ہاں ہلدی کا استعمال کھانے کی رنگت قابلِ دید بنانے کے لیے کیا جاتا ہے۔ کیونکہ اگرہمیں اس کی افادیت سے سروکار ہوتا تو یقیناً ہم اسے یوں کھانا پکانے کے آغاز میں ڈال کر، لمبے عرصہ تک بھون کر اس کی رہی سہی افادیت ختم کردینے کے عادی نہ ہوتے۔ رہی سہی اس لیے کہا گیا کہ جب یہ ہلدی ہم تک پہنچتی ہے، اس میں موجود دوتہائی کرکیومِن پہلے ہی ختم ہو چکا ہوتا ہے۔

اور وہ اس طرح کہ جب کھیت سے ہلدی کو نکالا جاتا ہے، تو اسے خشک کرنے سے پہلے اسے اچھی طرح پانی میں اُبالا جاتا ہے۔ ابالنے کے بعد اسے دھوپ میں سکھا کر خشک کیا جاتا ہے۔ متعدد بار کی گئی تحقیق میں یہ بات ثابت ہے کہ، ا ُبالنے سے تیس سے چالیس فیصد اور دھوپ میں خشک کرنے سے پچپن فیصد تک کرکیومِن ضائع ہوجاتا ہے۔ گویا جب ہلدی پسی ہوئی شکل میں ہم تک پہنچتی ہے، اگر اس میں کوئی ملاوٹ نہیں بھی کی گئی تو بھی اس کا دوتہائی کرکیومِن ضائع ہو چکا ہوتا ہے۔ اور بقیہ ایک تہائی، ہم اس کے غلط استعمال سے کردیتے ہیں۔

تو عزیزانِ گرامی، ہلدی میں موجود بیش قدر کرکیومِن سے مکمل فائدہ حاصل کرنے کے لیے بہترین حل یہ ہے کہ، اس کے موسم میں اسے کچی حالت میں خریدیں، اس کے چھوٹے چھوٹے کتلے کاٹیں اور سایہ دار جگہ پر خشک کریں۔ پھر ہوا بند بوتل میں محفوظ کرلیں۔ حسب استعمال گھریلو گرائینڈر میں پیس لیں۔ نیز کھانا مکمل طور پر پک جانے کے بعد اسے کھانے میں شامل کریں، بالکل اس وقت جب دھنیا اور ادرک کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے۔

اب دوسرے مسئلہ کے متعلق جانتے ہیں کہ، اسے زیادہ سے زیادہ مقدار میں خون میں شامل کرنے کے لیے کیا کیا جائے؟ تو اس سلسلے میں سب سے مددگار، تو ہلدی ہی میں موجود دیگر مرکبات بطور خاص ایرمیٹک ٹرمیرون aromatic Turmeroneہے۔ اس کے ساتھ کالی مرچ میں موجود کیمائی مرکب piperine، کرکیومِن کے جذب ہونے کی صلاحیت کو بیس گنا تک بڑھا دیتا ہے۔ ان کے علاوہ MCTمیڈیم چین ٹرائی گلیسرائیڈ کے ساتھ، کرکیومِن کا استعمال بہت زیادہ مفید ہے۔ یہ MCTگائے کے دودھ کی چکنائی میں پندرہ سے بیس فیصد، جبکہ بکری کے دودھ میں پینتیس فیصد تک ہوتا ہے۔

گویا حاصلِ مطالعہ یہ رہا کہ، اگر آپ لمبے عرصہ تک جوان رہنا چاہتے ہیں اور بیماریوں سے محفوظ صحت مند زندگی گذارنا چاہتے ہیں، تو آپ کو گھر میں خشک کی گئی ہلدی کا پاؤڈر استعمال کرنا چاہیے۔ کھانوں میں شروع کی بجائے آخر میں ملائیں۔ اور ایک گلاس بکری یا گائے کے دودھ میں ایک چمچ ہلدی، ایک چٹکی کالی مرچ کے ساتھ پینے کی عادت اپنالیں۔ یہاں یہ بتانا بھی دلچسپی سے خالی نہ ہوگا کہ، ابھی حال ہی میں دو پاکستانی نژاد امریکی بھائیوں نے امریکہ میں ہلدی اور کالی مرچ سے ایک خوش ذائقہ، صحت بخش مشروب zynتیار کیا ہے۔ Zynکی بے پناہ غذائی افادیت کی وجہ سے، اس کا انتخاب امریکی فوج کے لیے بطور خاص کیا گیا ہے۔

Check Also

Jamhoor Ki Danish Aur Tareekh Ke Faisle

By Haider Javed Syed