Thursday, 18 April 2024
  1.  Home/
  2. Hassan Nisar/
  3. Jinhen 22 Crore Dikhai Nahi De Rahe

Jinhen 22 Crore Dikhai Nahi De Rahe

جنہیں 22 کروڑ دکھائی نہیں دے رہے

اک بہت ہی بنیادی اور سادہ سا سوال ہے جو مختلف قسم کے سیانوں سے پوچھ رہا ہوں لیکن جواب ندارد۔ کوئی تو ہو جو مجھے یہ معمولی سی بات سمجھا دے کہ جب تک پاکستان کی اقتصادی شرح نمو اس ملک کی "آبادی" شرح نمو کے ساتھ مکمل طور پر میچ نہیں کرے گی، پوری طرح ہم آہنگ نہیں ہو گی تو عام آدمی کو ریلیف کیسے ملے گا؟ جبکہ یہاں تو کہانی ہی بالکل الٹ ہے کہ معاشی شرح نمو نو سال کی کم ترین سطح پر ہے یعنی عملاً منجمد ہو چکی ہے اور مہنگائی بری طرح ٹوٹے ہوئے چھتر کی طرح بڑھتی جا رہی ہے۔

قارئین! جب تک اقتصادی شرح نمو اور آبادی شرح نمو کا جائز ناجائز تعلق اور تال میل طے نہیں ہو جاتا تب تک میں یہ سمجھنے میں حق بجانب ہوں یا نہیں کہ ہر وہ شخص جھوٹ بول رہا ہے جو عوام کو آنے والے دنوں میں معاشی استحکام کی خوشخبریاں سنا رہا ہے۔ یہ ناممکن ہو گا۔ اک ایسا ہدف ہے، جسے حاصل کرنا ممکن ہی نہیں۔

حکومت کی کوئی سوکن نہیں، سٹیٹ بینک کہہ رہا ہے کہ معاشی نمو نچلی ترین سطح پر ہے اور مہنگائی بارہ فیصد تک پہنچ جانے کے امکانات روشن ہیں۔ مزید خوشخبریاں یہ ہیں کہ

برآمدات 25.9 ارب ڈالر کے اردگرد رہیں گی۔ ٹیکس ہدف حاصل کرنا کسی چیلنج سے کم نہ ہو گا۔ سرمایہ کاری جمود کا شکار۔ پانی کی قلت سے زرعی شعبہ بے حال ہو رہا ہے۔ توانائی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ مالیاتی خسارہ تشویشناک حد تک بڑھ چکا ہے۔

ان حالات میں تو کوئی پشتینی اور پیدائشی جھوٹا بھی کسی قسم کی "معاشی نوید مسرت" سنانے کی جرأت نہیں کر سکتا تو یہ کون لوگ ہیں جو پے در پے ایسا جھوٹ بول رہے ہیں جو قدم قدم پر رنگے ہاتھوں پکڑا جائے گا۔ یہ حقیقت کوئی نہ بھولے کہ دنیا کا سب سے زیادہ چرب زبان آدمی بھی کسی بھوکے کو اس بات پر قائل نہیں کر سکتا کہ اس کا پیٹ بھرا ہوا ہے اس لئے ممکن ہو تو ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں جیسی گپیں چھوڑنے سے بچا جائے کیونکہ ایسے کھوکھلے دعوے عوامی فرسٹریشن اور غصہ میں اضافہ کے علاوہ کچھ نہیں کرتے۔

حقیقی زمینی صورتحال تو یہ ہے کہ معیشت تھوڑی بہت سنبھل بھی جائے تو اونٹ کے منہ میں زیرہ بھی نہیں، تھوڑی بہت سے کچھ زیادہ بہتر بھی ہو جائے تو عام آدمی کو قرار نصیب ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ آبادی کا عفریت اس "ترقی" کا لقمہ لیتے ہی مزید بھوک کی دہائی دے گا

میں حیران ہوں کہ تبدیلی سرکار پاپولیشن مینجمنٹ کا سوچے بغیر معاشی استحکام کا تصور بھی کس طرح کر سکتی ہے اور کمال یہ کہ میں نے ان میں سے کسی ایک کی زبان سے بھی اس تضاد کا ذکر نہیں سنا کہ جب تک اس بے لگام آبادی کو لگام نہیں دی جاتی، اقتصادی زبوں حالی کو لگام دینا ممکن ہی نہیں۔

میں نے تین مختلف ماہرین اقتصادیات سے بات کی جو سو فیصد غیرسیاسی اور نصابی قسم کے لوگ ہیں۔ کسی ایک کے پاس بھی کوئی ایسا جواب نہیں جو مطمئن کر سکے۔ مسئلہ پانی کا ہو یا دہشت گردی کا، کرپشن کا ہو یا تجاوزات اور ناجائز قبضوں کا------ ہم لوگ بر وقت ری ایکٹ نہیں کرتے، تب تک ہوش نہیں آتا جب تک پانی سر سے گزرنا شروع نہیں ہو جاتا۔ شاید ان سیاسی نابغوں اور نوگزوں نے یہ محاورہ بھی نہیں سنا کہ وقت پر لگایا جانے والا ایک ٹانکا بعد کے نو ٹانکوں کے تردد سے بچا لیتا ہے لیکن یہاں تو یہ مسئلہ عمل کیا گفتگو تک میں دکھائی نہیں دیتا تو لکھ رکھیں کہ اقتصادی حالات کسی معجزے کے نتیجہ میں نارمل ہو بھی گئے تو عوام کے لئے نہ صرف "ابنارمل" ہی رہیں گے بلکہ تیزی سے ایمرجنسی کی طرف بڑھتے چلے جائیں گے۔

بندہ پوچھے کسی اور سے نہ سہی اپنے سابقہ مشرقی پاکستان حال بنگلہ دیش سے ہی سبق سیکھ لو کہ آبادی کے اس عفریت کو قابو کیسے کرنا ہے۔ کچھ اور مسلمان ملکوں نے بھی کامیابی کے ساتھ اس منہ زور گھوڑے پر کاٹھی ڈالی ہے لیکن بنگلہ دیش مسلمان ہی نہیں دو عشرہ پلس تک ہمارے ساتھ بھی رہا ہے۔ خود کسی جوگے نہیں تو انہی سے رہنمائی اور تعاون مانگ لو ورنہ کیس "لمحوں نے خطا کی تھی صدیوں نے سزا پائی" سے بھی بدتر ہو جائے گا۔ 22 کروڑ تو سنبھالے نہیں جا رہے، نہ روٹی نہ کپڑا نہ مکان نہ لاء اینڈ آرڈر نہ امن اور امان نہ تعلیم نہ علاج نہ روزگار تو کبھی تنہائی میں بیٹھ کر سوچو کہ جب کل کلاں یہ 22 کروڑ 32کروڑ ہو گئے تو کیا ہو گا؟ اور پھر جب یہی 32کروڑ 42کروڑ ہو گئے تو بندہ بندے کو نہ کھائے گا تو کیا کرے گا؟ سچ پوچھو تو یہ سلسلہ شروع ہو چکا ہے لیکن ان کو دکھائی نہیں دے رہا جن کی آنکھوں پر چربی چڑھی ہے اور عقلوں پر دبیز پردے پڑے ہیں۔

بدنصیب ہیں وہ لوگ جن پر وژن (VISION) سے عاری لوگ سواری کر رہے ہوں۔ جوناتھن سوئفٹ نے کہا تھا

"VISION IS THE ART OF SEEING THINGS INVISIBLE."

یہ کیسے لوگ ہیں جن کے لئے 22 کروڑ لوگ invisible ہیں اور دکھائی نہیں دے رہے جو کل 32 اور پرسوں 42 کروڑ ہو گئے تو کیا ہو گا؟

About Hassan Nisar

Hassan Nisar is a syndicated columnist and an analyst with his own talk show Choraha which he used to do on Geo TV, Pakistan. His presentations are in Urdu. His commentaries in print media and television focusing on contemporary Pakistan, and the political history of Islam, which are conservative in nature, have earned him praise both from Nationalist and Islamic elements in Pakistan.

Nisar started off his career as a journalist, but with time and the emergence of private TV channels in Pakistan, he has appeared on or hosted TV talk shows including Meray Mutabiq and "Choraha" on Geo News.

Source: Wikipedia

Check Also

Leadership Aur Mustaqbil Shanasi

By Muhammad Saqib