Saturday, 20 April 2024
  1.  Home/
  2. Orya Maqbool Jan/
  3. Israel Bharat Gathjor, Koi Nai Khabar Nahi

Israel Bharat Gathjor, Koi Nai Khabar Nahi

اسرائیل بھارت گٹھ جوڑ۔کوئی نئی خبر نہیں

قیام پاکستان اور قیام اسرائیل کے تقریباً ستر سال بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کی کسی حکومت نے بلا خوفِ تردید بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ اور پاکستان پر مشترکہ حملہ کرنے کے منصوبے کا انکشاف کیا ہے۔ قومی ریاستوں کے فتنے اور امت مسلمہ کو اس کے ذریعے تقسیم کرنے کے عمل کے بعد مسلمان ریاستوں نے اگر کبھی اسرائیل کے خلاف موقف اپنایا بھی تو اسے قومیت کے تناظر میں ہی اپنایا۔ یعنی اسرائیل ایک غاصب ریاست ہے جس نے وہاں پر صدیوں سے آباد عربوں اور فلسطینیوں کو اپنے گھروں سے بے دخل کر دیا ہے۔

ایک طویل مدت تک اسے استعمار کی جنگ قرار دیا جاتا رہا اور فلسطینیوں کی جدوجہد کو ایک قومی تحریک کا نام دیاگیا۔ یہی وجہ ہے کہ جب 28 مئی 1964ء میں فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (PLO)کا قیام عمل میں آیا تو اسے فلسطینی عربوں کی قومی تحریک آزادی کے طور پر منظم کیا گیا۔ ایسی تنظیم جس میں تمام مذاہب کے لوگ شامل تھے۔ خصوصاً یروشلم کے عیسائی تو اس کا اہم ترین حصہ تھے۔

اسرائیل کے ساتھ1948 سے لے کر اب تک ہونے والی جنگوں کو بھی عرب اسرائیل جنگ کا نام دیا گیا اور اسے قومیت کے تعصب سے باہر نہ نکلنے دیا گیا۔ سوویت یونین کے خاتمے تک دنیا بھر کے سیاسی مبصرین اسے خطے میں امریکی اور روسی مفادات کی جنگ قرار دیتے رہے۔ مسلم امہ کی یکجہتی اور تصور جہاد کے مقابلے میں اسرائیل اور عالمی طاقتوں کی سب سے بڑی کامیابی تھی۔ ان کے تصورِ قومیت و وطن پرستی کو اس زمانے کے مغرب زدہ علماء سے لیکر آج کے علماء و دانشوروں نے نئی دینی توجیہات تراش کر اور قومی ریاستوں کو نئے خود ساختہ اجتہادی معانی پہنا کر مسلمانوں کو تقسیم کیا۔ قومی ریاستوں کے یہ قصیدہ خوان ایک اصطلاح تراشے ہیں جسے "نظمِ اجتماعی " کہتے ہیں۔

اس "نظمِ اجتماعی" کا کمال یہ ہے کہ اس کے تحت شرعی حدود ایک سرحد سے شروع ہوکر دوسری سرحد پر ہی ختم ہو جاتی ہیں، وہ لکیریں جو پہلی جنگ عظیم کے بعد عالمی طاقتوں نے کھینچ کر مسلمان امت کو ستاون ممالک میں تقسیم کیا تھا۔ اسی تقسیم کے تصور کے تحت طورخم کے ایک طرف کھڑا شخص روزہ رکھتا ہے اور دوسری جانب رہنے والا عید منا رہا ہوتا ہے۔

قوم پرستی میں ڈوبے ہوئے یہ مفکرین، سیاستدان یہاں تک کہ فلسطین کی آزادی کی تحریک پی ایل او کے جنگجو تک اس بات کا ادراک نہیں رکھتے تھے کہ ان کا مقابلہ اسرائیل سے ہے جو ہرگز ایک قومی ریاست نہیں ہے اور نہ ہی وہ اپنے آپ کو ایک قومی ریاست کے طور پر شناخت دیتے ہیں، کیونکہ جدید تصورِ قومیت کے تحت ایک مخصوص علاقے میں رہنے والے لوگ خواہ کسی بھی نسل، رنگ، زبان اور عقیدے سے تعلق رکھتے ہوں وہ ایک قوم ہیں۔ جبکہ اسرائیل کا قیام ہی اس تصورِ قومیت کی نفی ہے۔

1917ء میں جنگ عظیم اول کے دوران دو نومبر کو ہونے والے بلفور ڈیکلیریشن میں واضح کر دیا گیا تھا کہ تاج برطانیہ فلسطین میں یہودیوں کے لئے ایک وطن کے قیام کی کوشش کرے گا اور یہ اصول بھی طے پایا کہ دنیا کے کسی بھی خطے میں رہنے والا کوئی بھی یہودی، خواہ کوئی بھی زبان بولتا ہو، کسی بھی نسل یا رنگ سے تعلق رکھتا ہوں، ایک قوم تصور ہوگا اور اس کو فلسطین کی سرزمین پر آباد ہونے کا حق حاصل ہوگا۔

یہودیوں کے اس عالمی تصورِ قومیت کی بنیاد پر قائم ہونے والے اسرائیل کے مقابلے میں مسلم امہ کی بجائے عرب یا فلسطینی قومیت کے تصور کو اجاگر کیا اور یہی وجہ ہے کہ ستر سال سے ذلت آمیز شکست ان کا مقدر بنی ہوئی ہے۔ یہودیوں کا اس سرزمین پر دعویٰ اور اس سرزمین پر آباد ہونا ان کی مذہبی اساس ہے۔ یہودی اسرائیل بننے سے چند سال پہلے پوری دنیا کے ممالک میں انتہائی امن و سکون سے آباد ہوچکے تھے، بلکہ وہ ان تمام ممالک کی سیاست، معیشت اور حکومت پر چھائے ہوئے تھے۔

جنگ عظیم دوم کے بعد ان کے بدترین دشمن ہٹلر اور نازیوں کو ذلت آمیز شکست ہوچکی تھی اور یہودیوں، ہولوکاسٹ اور صہیونیت کے خلاف آواز بلند کرنا ایک قابل تعزیر جرم بن چکا تھا۔ اس کے باوجود یہودی امریکہ اور یورپ کی آسائشیں چھوڑ کر ایک ایسی جگہ پر آباد ہوئے ہیں جو بے آب و گیاہ اور ویران تھی۔ حیفہ، جافہ، بیرشیا اور تل ابیب، یہ وہ علاقے تھے جو 14 مئی 1948ء کو یہودی ریاست اسرائیل کہلائے۔

اس اسرائیل میں یہودیوں کا کوئی مقدس مقام جیسے یروشلم یاد دشتِ سینا شامل نہیں تھا۔ یعنی وہ کسی مقدس علاقے میں آباد ہونے کے نعرے پر وہاں نہیں پہنچے تھے بلکہ وہ اپنے اس ایمان اور یقین کی بنیاد پر وہاں گئے تھے کہ اس خطے میں ان کا مسیحا آئے گا جو حضرت داؤدؑ کی نسل سے ہوگا اور وہ اس پورے خطے سے ایک عالمی حکومت قائم کرے گا۔

یہودیوں کی مقدس کتابوں لیسعیاہ (Isaiah)، ایزاکیل (Ezakiel)، جرمیاہ (Jeremiah) اور دیگر میں اس وعدے کا بار بار ذکر ملتا ہے۔ اسی لیے انہوں نے یروشلم اور سینا کے پڑوس میں ایک بے آباد خطہ حاصل کیا اور دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک سے امیر ترین یہودی اپنا گھر بار، کاروبار اور وطن چھوڑ کر ایک مذہبی پیش گوئی پر ایمان رکھتے ہوئے یہاں آباد ہوئے اور پھر انہوں نے آہستہ آہستہ اپنے مقابل قوم پرستی کے تعصب میں بکھرے ہوئے مسلمانوں کو شکست دے کر یروشلم کو بھی اپنی حکومت میں شامل کرلیا۔ وہ شہر جہاں سے ان کے عقیدے کے مطابق مسیحا نے آکر تخت داؤدی سے عالمی حکومت قائم کرنا ہے۔

گزشتہ ستر سال سے یہ یہودی اسی مقصد کے لیے وہاں جمع ہیں اور ان کے اس مقصد کے حصول کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ امت مسلمہ ہے۔ جب تک وہ اسے شکست دے کر تباہ و برباد نہیں کرتے، ان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ ان کے اس مقصد کے حصول کا پہلا راستہ امت کے اتحاد کو پارہ پارہ کر کے قومی ریاستوں کا قیام تھا جس کو مسلمانوں کے نام نہاد مجددین نے اپنے تصور "نظمِ اجتماعی" کے ذریعے مزید مستحکم کر دیا اور قوم پرستی کو شرعی جواز فراہم کر دیا۔

آج وہ اس میں کامیاب ہیں۔ جس امت کو 1924ء میں تقسیم کیا گیا تھا، آج اسرائیل کے ارد گرد قائم تمام مسلم ممالک کھنڈر بنا دئیے گئے ہیں۔ خوفزدہ حکمران اور سول وار میں ایک دوسرے کی گردنیں کاٹتے عوام ہیں جو اسرائیل کے آنے والے مسیحا کی اس عالمی حکومت کے لیے اب کوئی خطرہ نہیں رہے۔ امریکہ اور یورپ کی غلامی میں لتھڑے ہوئے مسلمان حکمران اور محدود قوم پرستی میں ڈوبے ہوئے مسلمان ممالک میں صرف ایک ہی ملک ایسا ہے جو وطنیت کے اس تصور کی نفی کرتا ہے، اور وہ ہے پاکستان۔

جس کی بنیاد بھی عین اسرائیل کی طرح رکھی گئی تھی، ایک نظریے پر کہ بنارس، کلکتے یا حیدرآباد دکن کے رہنے والا اگر مسلمان ہے تو پھر وہ پاکستان کا شہری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسرائیل پہلے دن سے پاکستان کا دشمن ہے اور قائد اعظم نے بھی اپنی بصیرت کی وجہ سے اسرائیل کو یورپ کی ناجائز اولاد کہا تھا۔ 1967ء میں یروشلم کی فتح کے بعد جب پیرس میں اس کا جشن منایا گیا تو اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان ہمارا اصل دشمن ہے کیونکہ وہ ہمارا "ideological equal" یعنی "نظریاتی مخالف" ہے۔

اسی لئے بھارت اور اسرائیل گٹھ جوڑ کوئی نئی خبر نہیں۔ وہ جو قرآن و حدیث کی روشنی میں حالات حاضرہ کو پرکھتے ہیں انہیں تو اللہ نے چودہ سو سال پہلے خبر دے دی تھی "یقینا تم پاؤ گے انسانوں میں مسلمانوں سے دشمنی رکھنے میں سب سے زیادہ سخت ایک تو یہودیوں کو اور دوسرے وہ لوگ جو کھل کر شرک کرتے ہیں (المائدہ 82)۔

یہودی دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں اور کھل کر شرک صرف بھارت کے ہندو کرتے ہیں۔ جب کہ باقی تمام مذاہب کے ماننے والے اپنے شرک کی تاویلات کرتے ہیں۔ اس لئے بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ کوئی نئی خبر نہیں ہے۔ البتہ اس گٹھ جوڑ کے مقابلے میں امت کا اتحاد اب نئی خبر ہوگی اور وہ اب زیادہ دور نہیں ہے۔

About Orya Maqbool Jan

Orya Maqbool Jan is a columnist, writer, poet and civil servant from Pakistan. He has written many urdu columns for various urdu-language newspapers in Pakistan. He has also served as director general to Sustainable Development of the Walled City Project in Lahore and as executive director ECO, Cultural Institute, Tehran and information secretary to the government of the Punjab.

Check Also

Dostan e Rahim Yar Khan, Hamari Mazrat Qubool Kijiye

By Haider Javed Syed