Wednesday, 24 April 2024
  1.  Home/
  2. Ansar Abbasi/
  3. Do Faislay, Do Kahaniyan

Do Faislay, Do Kahaniyan

دو فیصلے، دو کہانیاں

سپریم کورٹ نے جعلی اکائونٹس پر بنائی گئی جے آئی ٹی کی رپورٹ پر ایک ایسا فیصلہ دیا جو پاناما جے آئی ٹی کے معاملہ سے بالکل مختلف تھا۔ بہت سے لوگ سوال اٹھا رہے ہیں کہ جعلی اکائونٹس کے کیس میں وہی معیار کیوں نہیں اپنایا گیا جو پاناما کیس میں رکھا گیا تھا؟ بحث کی جا رہی ہے کہ پاناما جے آئی ٹی رپورٹ کے مقابلے میں جعلی اکائونٹس کی جے آئی ٹی رپورٹ بہت ٹھوس اور شواہد سے بھری پڑی ہے لیکن سپریم کورٹ کا فیصلہ اس کیس میں بہت نرم اور پاناما کیس کے بالکل برعکس ہے۔ پاناما کیس میں تو سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر اُس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے کر عہدے سے فارغ کر دیا تھا اور اس کے ساتھ ہی نیب کو ہدایت جاری کی کہ ایک ماہ کے اندر نواز شریف، اُن کی بیٹی مریم نواز اور دیگر نامزد افراد کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیے جائیں۔ پاناما فیصلہ میں یہ بھی حکم جاری ہوا کہ نواز شریف اور دوسرے افراد کے خلاف احتساب عدالت میں ان ریفرنسوں کی سپریم کورٹ کے ایک جج صاحب نگرانی کریں گے تاکہ فیصلہ میں دی گئی متعین مدت میں احتساب عدالت فیصلہ بھی دیدے تاکہ ایسا نہ ہو کہ عام احتساب کیسوں کی طرح نواز شریف وغیرہ کے خلاف کیس بھی لمبی مدت کے لیے ٹک جائیں۔
جعلی اکائونٹس کیس میں سپریم کورٹ نے جے آئی رپورٹ سے سب سے پہلے پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نام حذف کرتے ہوئے احتساب عدالت کو ہدایت کی کہ اس معاملہ پر تحقیقات کی جائیں اور اگر کیس بنتا ہے تو نیب قانون کے مطابق احتساب عدالت میں ریفرنس فائل کیے جائیں۔ یہ حکم دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے پاناما کیس فیصلے کے برعکس نہ کسی فرد کے خلاف نااہلی کا حکم دیا، نہ کسی کو کسی عہدے سے فارغ کیا، نہ نیب کو پابند بنایا کہ وہ ہر حال نیب عدالت میں ایک ماہ کے اندر اندر ریفرنس فائل کرے، نہ کوئی ایسا حکم دیا کہ کس کس کے خلاف کون کون سا ریفرنس دائر کیا جائے، نہ کوئی ایسی ہدایت دی کہ احتساب عدالت ان ریفرنسز کا فیصلہ چھ ماہ کے اندر دینے کی پابند ہو گی اور نہ ہی سپریم کورٹ کا کوئی مانیٹر جج مقرر کیا گیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ متعین مدت کے دوران نیب اور احتساب عدالت، سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کر دیں۔
پاناما کیس میں نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت نے کیا اور یوں اُن کے پاس اپیل کرنے کا بھی کوئی موقع نہ تھا جو انصاف کے تقاضوں کے خلاف سمجھا جاتا ہے لیکن سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے مطابق آصف علی زرداری اور دوسرے افراد کا سارا معاملہ نیب کو سپرد کیا گیا تاکہ نیب دیکھے کہ کیا کوئی کیس بنتا ہے یا نہیں، اگر بنتا ہے تو پھر احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا جائے گا اور ایسی صورت میں احتساب عدالت جعلی اکائونٹس ریفرنس کو اُسی انداز میں سنے گی جیسے دوسرے نیب مقدمات کو سنا جاتا ہے۔ اس کا مطلب ہوا کہ جعلی اکائونٹس کیس میں نیب کو بحیثیت انویسٹی گیشن ادارہ آزادی ہو گی کہ وہ میرٹ کے مطابق تحقیقات کرے اور جو ٹھیک سمجھتا ہے، وہی کرے۔ اسی طرح جعلی اکائونٹس کیس میں اگر ریفرنس دائر کیا جاتا ہے تو احتساب عدالت کو اُن پابند یو ں یا پریشرز کا بھی سامنا نہیں کرنا پڑے گا جس کا اس عدا لت کو پاناما کیس میں سامنا تھا۔ میری نظر میں جعلی اکائونٹس کی جے آئی ٹی رپورٹ پاناما جے آئی ٹی رپورٹ سے معیار اور ثبوتوں کے لحاظ سے بہت بہتر ہے۔ میری رائے میں سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے مطابق اور پاناما فیصلے سے بہت بہتر ہے۔ اگرچہ جعلی اکائونٹس جے آئی ٹی کی رپورٹ میں بہت کچھ ہے جس پر جے آئی ٹی شاباشی کی مستحق ہے لیکن یہ انکوائری رپورٹ محض ایک انکوائری ہے، کسی عدا لت کا فیصلہ نہیں۔ اس میں پی پی پی کی اعلیٰ قیادت اور دوسرو ں کے خلاف الزامات ہیں جو سنجیدہ ضرور ہیں اور بہت ٹھوس بھی نظر آتے ہیں لیکن اُن الزامات کی بنیاد پر کسی کو سپریم کورٹ کی سطح پر نکالنا کوئی اچھا فیصلہ نہیں ہو سکتا کیونکہ اپیل کا حق کسی سے کیسے چھینا جا سکتا ہے؟ میں یہاں یہ بھی کہتا چلوں کہ مجھے نیب سے کوئی زیادہ امید نہیں اور اس کی وجہ نیب کی وہ تاریخ ہے جس میں بڑے بڑے مقدمات کو نیب نے اپنے دوستانہ استغاثہ کی وجہ سے ختم کروایا، جس کا سب سے زیادہ فائدہ زرداری صاحب کو ہی پہنچایا گیا اور اس بار ے میں نیب سے کبھی کسی نے کوئی سوال نہیں کیا۔ تحریک انصاف ہو، ن لیگ یا پی پی پی، کوئی بھی نیب سے مطمئن نہیں لیکن اس ادارے کو بہتر بنانے کے لیے پارلیمنٹ میں یہ تمام پارٹیاں کچھ کرنے سے گریزاں ہیں۔ سپریم کورٹ بھی نیب سے متعلق کئی بار اپنا عدم اعتماد ظاہر کر چکی ہے لیکن ابھی تک کسی فیصلے میں اس ادارے کو سدھارنے کے لیے کوئی احکامات جاری نہیں کیے گئے۔ مجھے ڈر ہے کہ ماضی کے طرح نئے کیسوں کو بھی نیب سودے بازی کے لیے کہیں استعمال نہ کرے۔

About Ansar Abbasi

Ansar Abbasi born on June 12, 1965, is an investigative editor for one of the leading newspapers from Pakistan, The News International. He has published several exclusive reports.

Abbasi was born in Murree, Pakistan, to a Dhund Abbasi family of that locality. He received his early education in his native village. Abbasi obtained matriculation from Sir Syed School, Rawalpindi. Later he joined Government College Asghar Mall, where he completed his Intermediate and Bachelor of Arts education. He received his Masters degree from Balochistan University, Quetta. He also earned another Masters degree from Goldsmiths College, University of London. His research thesis was on child labor.

Check Also

Izhar e Raye Ki Azadi

By Abubakr Syedzada