Tuesday, 16 April 2024
  1.  Home/
  2. Javed Chaudhry/
  3. Zainab Alert

Zainab Alert

زینب الرٹ

ٹیکساس کے شہر آرلنگٹن میں ایک نو سال کی بچی رہتی تھی‘ بچی کا نام امبر تھا‘ یہ 21 جنوری 1996ء کو گلی میں سائیکل چلا رہی تھی‘ والدہ ٹیلی فون سننے کے لیے اندر گئی‘ آٹھ منٹ بعد واپس آئی تو امبر اغواء ہو چکی تھی‘ ماں باپ‘ لوکل کمیونٹی اور پولیس چار دن بچی کو تلاش کرتی رہی‘ پانچویں روز لاش نالے سے ملی‘ بچی کو زیادتی کے بعد گلا کاٹ کر قتل کیا گیا تھا‘ کیس کی تفتیش مائیک سائمنڈ نے کی‘ مائیک سائمنڈنے لاش دیکھی تو وہ پورا ہفتہ سو نہ سکا‘ بچی کو وحشیانہ انداز سے قتل کیا گیا تھا۔

مائیک سائمنڈ کا خیال تھا پولیس اگر پہلے دن اغواء کار تک پہنچ جاتی تو بچی کی جان بچ جاتی‘ اس نے سوچا کوئی ایسا سسٹم ہونا چاہیے جس کے ذریعے مغوی بچے کی تفصیلات چند منٹوں میں پورے شہر تک پہنچ جائیں‘ لوگ الرٹ ہو جائیں‘ یہ مشکوک لوگوں پر نظر رکھیں اور یوں پولیس مجرم تک بروقت پہنچ جائے‘ یہ دو ہفتے سوچتا رہا یہاں تک کہ اس نے ایک الرٹ سسٹم بنا لیا‘ مائیک سائمنڈ نے یہ سسٹم آرلنگٹن پولیس کو دیا‘ پولیس نے میئر کے ساتھ مل کر یہ سسٹم پورے شہر میں لگا دیا۔

یہ سسٹم آرلنگٹن کے بعد پوری ٹیکساس ریاست میں نافذ ہوا اور یہ 2001ء میں چار امریکی ریاستوں میں استعمال ہونے لگا‘ یہ سسٹم اس قدر کامیاب‘ سستا اور جامع تھا کہ امریکی صدر جارج بش نے 2002ء میں اسے پورے امریکا میں نافذ کر دیا‘ یہ سسٹم 2005ء میں دنیا کے 30 ملکوں تک پہنچ گیا‘ یہ اس وقت یورپ‘ مشرق بعید اور لاطینی امریکا سمیت دنیا کے ہر جدید ملک میں چل رہا ہے‘ یہ سسٹم جس ملک میں موجود ہے وہاں بچوں کے اغواء کی وارداتیں بھی کم ہیں اور اغواء کے بعد ریکوری کی تعداد بھی زیادہ ہے۔

یہ سسٹم آرلنگٹن کی بچی امبر کی مناسبت سے امبر الرٹ کہلاتا ہے‘ امبر الرٹ کے تین حصے ہیں‘ پولیس‘ میڈیا اور سوشل میڈیا‘ امریکا میں جب کوئی بچہ اغواء ہوتا ہے تو پولیس آتی ہے‘ بچے کی تصاویر‘ اغواء کا طریقہ‘ مقام اور اغواء کار کے بارے میں تفصیلات جمع کرتی ہے‘ معلومات کا پیکیج بناتی ہے اور یہ پیکیج شہر کے سارے میڈیا کو بھجوا دیتی ہے‘ میڈیا یہ خبر‘ بچے کا حلیہ اور اغواء کارکی تمام نشانیاں چند سیکنڈ میں نشر کر دیتا ہے‘ یہ اطلاعات تمام ریڈیوز‘ ٹیلی ویژن چینلز اور اخبارات تک پہنچ جاتی ہیں‘ یہ ادارے تمام معلومات کو نشر اور شایع کرنے کے پابند ہوتے ہیں‘ یہ اطلاعات اس کے بعد تمام موبائل کمپنیوں کو پہنچا دی جاتی ہیں۔

موبائل فون کمپنیاں چند سیکنڈ میں شہر کے تمام موبائل فونز کو الرٹ جاری کر دیتی ہیں یوں مغوی بچے اور اغواء کار کے حلیے سمیت تمام اطلاعات شہر کے تمام موبائل فونز پر پہنچ جاتی ہیں‘ موبائل فون کمپنیاں بھی یہ الرٹ مفت جاری کرتی ہیں‘ یہ کمپنیاں شام کے وقت پولیس کے ساتھ ڈیٹا بھی شیئر کرتی ہیں‘ امبر الرٹ فیس بک‘ گوگل‘ یوٹیوب‘ ٹویٹر اور بنگ پر بھی جاری ہوتی ہیں‘ یہ سوشل میڈیا کمپنیاں بھی امبر الرٹ جاری کرنے کی پابند ہیں۔

یورپ کے بارہ ملکوں میں یہ الرٹ شہر کے بل بورڈز ‘ ائیرپورٹس‘ بس اسٹیشنز اور ریلوے اسٹیشنز کی اسکرینوں اور موٹرویز کی انٹری اور ایگزٹ پر بھی ڈس پلے ہو جاتے ہیں‘ موٹروے کا عملہ بھی گاڑیوں پر نظر رکھنا شروع کر دیتا ہے اور بس‘ ٹرین اور ائیر پورٹ کا اسٹاف بھی مسافر بچوں کو غور سے دیکھتا رہتا ہے ‘ امریکا اور یورپ میں بچوں کو اسکول میں اپنی حفاظت کی ٹریننگ بھی دی جاتی ہے۔

اساتذہ انھیں گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ کے بارے میں بتاتے ہیں اور والدین کو بھی بچوں کی تربیت کے بارے میں باقاعدہ ٹپس دی جاتی ہیں‘ ماؤں کو بتایا جاتا ہے یہ اپنے بچوں کا باقاعدگی سے جسمانی معائنہ کریں‘ یہ ان کے رویئے یا جسم میں کوئی غیر معمولی تبدیلی دیکھیں تو یہ فوراً پولیس کو اطلاع دیں۔

اساتذہ کو بھی پابند کیا جاتا ہے یہ اگر کسی بچے میں چھ نشانیاں دیکھیں‘ بچہ خاموش اور سہما ہوا دکھائی دے‘ یہ جسم میں درد کی شکایت کرے‘ یہ بڑوں سے ڈر رہا ہو‘ یہ نظریں نیچی کر کے بات کرے‘ یہ چھٹی کے وقت سہم جاتا ہو یا پھر یہ اپنے والدین اور رشتے داروں کے ساتھ کمفرٹیبل محسوس نہ کرتا ہو تو اساتذہ پولیس کو اطلاع دیں‘ پولیس شروع میں نفسیات دان کو اسکول بھجواتی ہے اور اگر ماہر نفسیات تصدیق کر دے تو پولیس ملزم سے تفتیش شروع کر دیتی ہے۔

قصور کی بچی زینب کے واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا‘ سات سال کی زینب 4 جنوری 2018ء کو قرآن مجید پڑھنے کے لیے اپنی خالہ کے گھر گئی اور یہ راستے سے غائب ہو گئی‘ بچی کے والدین عمرے کے لیے سعودی عرب گئے ہوئے تھے‘ رشتے داروں نے بچی کی تلاش شروع کر دی۔

رشتے داروں نے بازار کے سی سی ٹی وی کیمروں سے فوٹیج نکال کر بھی پولیس کے حوالے کر دی لیکن پولیس بچی تک نہ پہنچ سکی‘ 9جنوری کوبچی کی لاش شہباز خان روڈ سے کچرے کے ڈھیر سے ملی‘ بچی کو خوفناک طریقے سے درندگی کا نشانہ بنایا گیا تھا‘ سوشل میڈیا پر ’’جسٹس فار زینب‘‘ کے نام سے کمپیئن شروع ہوئی اور پورے قصور شہر میں آگ لگ گئی۔

ہجوم نے ڈی پی او آفس پر حملہ کر دیا، پولیس نے فائر کھول دیا‘ دو لوگ ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے‘ ہنگامے آج بھی جاری ہیں‘ احتجاج کا دائرہ لاہور اور کراچی تک پھیل چکا ہے‘ یہ قصور میں اس نوعیت کا بارہواں واقعہ ہے‘ گزشتہ ایک سال کے دوران بارہ بچیاں درندگی کا نشانہ بن چکی ہے‘ 11بچیاں درندگی کے بعد قتل کر دی گئیں‘ صرف ایک بچی کائنات کی جان بچ گئی لیکن یہ بھی ذہنی طور پر معذور ہو چکی ہے‘ ہم اگر زینب قتل کے بعد عوام اور حکومت کے رویوں کا جائزہ لیں تو ہمیں دونوں غلط نظر آئیں گے‘ اگر تھانوں پر حملے‘ اسپتال پر پتھراؤ‘ ٹائر جلانے اور گاڑیاں توڑنے سے یہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے تو پھر آپ بے شک تمام تھانوں کو آگ لگا دیں۔

آپ ساری گاڑیاں اور سارے اسپتال توڑ دیں‘ اسی طرح اگر پولیس فائرنگ‘ ڈی پی او کے تبادلے‘ وزیراعلیٰ کے نوٹس اور چیف جسٹس کے سوموٹو سے بھی یہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے تو آپ بے شک تبادلوں اور نوٹسز کا انبار لگا دیں لیکن یہ مسئلہ نوٹسز سے حل ہو گا اور نہ ہی گھیراؤ جلاؤ سے‘ آپ کو آج یا کل بالآخر اس درندگی کے تدارک کے لیے سسٹم بنانا پڑے گا اور آج کی تاریخ میں اس سسٹم کا نام ’’امبر الرٹ‘‘ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کو یہاں مزید دو ایشوز بھی سمجھنا ہوں گے‘ پہلا ایشو پنجاب کا آئی ٹی بورڈ ہے‘ بورڈ کے چیئرمین آج کے آئین سٹائن ڈاکٹر عمر سیف ہیں‘ ڈاکٹر عمر سیف نے ویب سائیٹس اور موبائل ایپس پر اربوں روپے ضایع کر دیے‘ وزیراعلیٰ صاحب کسی دن ان ایپس اور ویب سائیٹس کو کھول کر دیکھ لیں‘ یہ صرف یہ دیکھ لیں ان ویب سائیٹس پر روزانہ کتنے لوگ وزٹ کرتے ہیں اور کتنے لوگوں نے آج تک پنجاب آئی ٹی بورڈ کی تخلیق کردہ ایپس ڈاؤن لوڈ کی ہیں‘ یہ چند لمحوں میں اپنے آئی ٹی بورڈ کی کارکردگی جان لیں گے۔

پنجاب کی حالت یہ ہے تھانوں میں ایف آئی آرز کمپیوٹرائزڈ ہو چکی ہیں لیکن سسٹم قصور میں بارہ بچیوں کے ساتھ درندگی کے بعد بھی الرٹ جاری نہیں کرتا‘ آئی جی اور چیف منسٹر دونوں ان واقعات سے ناواقف رہتے ہیں‘یہ کس کا قصور ہے‘ اس کا ذمے دار کون ہے؟

وزیراعلیٰ فوری طور پر آئی ٹی بورڈ کا احتساب کریں اور یہ ایف آئی آر سسٹم میں وارننگ کا آپشن لگوائیں‘ صوبے میں جس جگہ ایک قسم کی چھ وارداتیں ہو جائیں یہ سسٹم اسی وقت وزیراعلیٰ اور آئی جی کو اطلاع کر دے یوں حکومت پکچر میں آ جائے گی‘ دوسرا آپ زینب اور اغواء کار کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھئے‘ فوٹیج میں ملزم پہچانا نہیں جا رہا‘ کیوں؟

کیونکہ کیمروں کی ’’ریزولوشن‘‘ کم تھی‘ وزیراعلیٰ پنجاب کیمروں کا معیار طے کریں اور پھر پورے صوبے میں سرکاری اور پرائیویٹ کوئی شخص اس ’’ریزولوشن‘‘ سے کم کیمرے نہ لگا سکے اور جو لگائے اسے بھاری جرمانہ کیا جائے‘ میری وفاقی حکومت سے بھی درخواست ہے یہ فوری طور پر امبر الرٹ کی طرز پر بنائے اوریہ میڈیا‘ سوشل میڈیا اور موبائل فونز کمپنیوں کو پابند بنائے یہ آدھ گھنٹے کے اندر اندر یہ الرٹ نشر‘ شایع اور براڈ کاسٹ کریں گی۔

حکومت اگر یہ الرٹ سسٹم نہیں بنا سکتی تو میں حکومت کو یہ سسٹم مفت فراہم کر سکتا ہوں‘ میری ایک چھوٹی سی آئی ٹی کمپنی ہے‘ یہ کمپنی یورپ اور امریکا کی مختلف کمپنیوں کو ایپس‘ ویب پیجز اور ویب سائیٹس بنا کر دیتی ہے‘ ہم حکومت کو یہ الرٹ سسٹم مفت بنا دیں گے‘ حکومت یہ الرٹ سسٹم ڈی پی اوز کو دے دے ‘ یہ لوگ یہ سسٹم اپنے سرکاری موبائل فونز میں لگائیں اور یہ لوکل میڈیا‘ نیشنل میڈیا‘ سوشل میڈیا اور موبائل فون کمپنیوں کو اس کے ساتھ لنک کردیں۔

مجھے یقین ہے مستقبل میں زینب جیسی بچیاں درندگی سے محفوظ ہو جائیں گی‘ میری حکومت سے یہ درخواست بھی ہے یہ تعلیمی اداروں بالخصوص پرائیویٹ اسکولوں کو پابند کریں یہ کم از کم ایک ماہر نفسیات ضرور رکھیں‘ یہ ماہر نفسیات بچوں کا باقاعدگی سے معائنہ کرتے رہیں‘ اسکول اساتذہ کو بھی پابند کریں یہ بچوں کو اپنی حفاظت کے بارے میں گاہے بگاہے بتاتے رہا کریں‘ بھارت میں زینب جیسے ایشو پر کہانی ٹو کے نام سے بڑی شاندار فلم بنی تھی‘ پرائیویٹ اسکول بچوں کو یہ فلم بھی دکھا سکتے ہیں‘ یہ بھی مدد گار ثابت ہوگی۔

زینب ایک الرٹ تھی‘ ہم اگر اس الرٹ سے اپنا سسٹم امپروو کر لیتے ہیں تو زینب کی جان ملک کی ہزاروں بچیوں کو زندگی دے جائے گی اور ہم نے اگر اس الرٹ کو بھی اگنور کر دیا تو پھر ہم اسی طرح اپنی بچیوں کی لاشیں اٹھاتے رہیں گے اور اپنا غصہ تھانوں‘ اسپتالوں اور گاڑیوں پر نکالتے رہیں گے۔


About Javed Chaudhry

Javed Chaudhry is a newspaper columnist in Pakistan. His series of columns have been published in six volumes in Urdu language. His most notable column ZERO POINT has great influence upon people of Pakistan especially Youth and Muslims of Pakistan. He writes for the Urdu newspaper Daily Express four time a week, covering topics ranging from social issues to politics.

Check Also

Baba Ji

By Muhammad Saqib