Saturday, 20 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Amir Khakwani/
  4. Shoaib Malik, Sania Mirza Khula

Shoaib Malik, Sania Mirza Khula

شعیب ملک، ثانیہ مرزا خلع

شادی پرسنل معاملہ تو ہے ہی، مگر کوئی رائے قائم کرنا اس لئے بھی مشکل ہوتا ہے کہ ہمارے سامنے تمام حقائق نہیں ہوتے، ہم اپنے مخصوص تعصبات کی وجہ سے کوئی خاص رائے قائم کر لیتے ہیں، اکثر یک طرفہ۔ شوبز کے بارے میں میڈیا کی خبریں انتہائی بے اعتبار ہوتی ہیں، خاص کر ذرائع کے حوالے سے۔ زیادہ تر تک بازی۔ اس لئے ان شوبز گوسپ نیوز پر اعتماد کرکے تو رائے بالکل ہی نہیں بنائی جا سکتی۔

اب یہی دیکھ لیں، سوشل میڈیا پر اکثر لوگ شعیب ملک کو ظالم اور ثانیہ مرزا کو مظلوم بنا کر پیش کر رہے ہیں۔ کسی کو لگتا ہے کہ شعیب ملک کا قصور ہوگا، (ویسے غریب شکل سے چھچھورا اور شوخا ہی لگتا ہے)۔ بعض دوستوں کو یہ پریشانی ہے کہ ابھی ثانیہ مرزا سے طلاق تو ہوئی نہیں۔ ان کے لئے خبر ہے کہ ثانیہ مرزا کے والد کنفرم کر چکے ہیں کہ یہ خلع تھی، یعنی ثانیہ مرزا نے ازخود طلاق لی ہے۔ اغلباً نکاح کے وقت ہی ثانیہ کو طلاق کا حق دے دیا ہوگا، جسے انہوں نے ضرورت پڑنے پر استعمال کر لیا۔

لگتا یہی ہے کہ شائد یہ رشتہ سال ڈیڈھ پہلے ہی ختم ہوگیا تھا، مگر بچے کی خاطر رسمی سا تعلق قائم رکھا یا رکھنے کا تاثر دیا۔ اب شعیب ملک کی شادی کی خبر نے اس ایشو کو پوری طرح فلیش کر دیا اور یوں طلاق بھی کنفرم ہوگئی۔

مجھے نہیں پتہ کہ اس رشتے کے ختم ہونے میں کس کا قصور ہے۔ ممکن ہے شعیب ملک کا زیادہ حصہ ہو یا اس کے برعکس ہو۔ بہرحال یہ شادی کوئی آسان روٹین والا رشتہ نہیں تھا۔

ثانیہ مرزا ایک بہت ہی مضبوط، خود مختار اور اپنی شرائط پر زندگی گزارنے والی خاتون ہیں۔ بڑی انٹرنیشنل سٹار ہونے اور انڈیا میں انہیں خاص انداز میں گلوریفائی کرنے نے اس تاثر کو زیادہ مستحکم بنا دیا۔

ہمارے ہاں عام طور سے رشتوں میں لڑکی زیادہ کمپرومائز کرتی ہے۔ اس رشتے میں شعیب ملک کے کمپرومائز خاصے تھے۔ ایک لحاظ سے دلہن نہیں رخصت ہوئی بلکہ دولہا اپنا گھر چھوڑ کر گیا۔

ثانیہ مرزا ظاہر ہے انڈیا میں رہتی ہیں، شعیب ملک کے لئے وہاں رہنا مشکل تھا، خاص کر پاکستانی کرکٹر ہوتے ہوئے۔ دوبئی میں رہنے کا انہوں نے فیصلہ کیا، وہاں گھر بھی لیا۔ دونوں کا جب تک انٹرنیشنل کیرئر چلتا رہا، شادی بھی چلتی رہی کہ دونوں اپنی اپنی جگہ مصروف رہتے تھے، کچھ گیپ ملتا تو اکھٹے ہوجاتے، چند دن ہنی مون کی طرح گزر جاتے۔

کرکٹر حسن علی نے بھی ایک انڈین لڑکی سے شادی کی ہے، مگر چونکہ وہ انڈین سیلبریٹی نہیں، اس لئے حسن علی کے لئے مسائل نہیں ہوئے۔ وہ خاتون یہاں آ کر رہتی بھی رہی ہیں۔ ثانیہ تو شادی کے بعد ایک دو بار ہی آسکیں اور وہ بھی چند ایک دنوں کے لئے۔ یہ بات شروع ہی سے خارج ازامکان تھی کہ ثانیہ مرزا شادی کے بعد چند ماہ یا چند سال پاکستان میں رہیں۔ ایسا کبھی نہیں ہوا نہ ہوسکتا تھا۔

ثانیہ کا ٹینس کیرئر ختم ہونے لگا، اسے انجریز ہوئیں، لمبا گیپ ہوا تو اسی دوران بیٹا بھی ہوا۔ بعد میں کم بیک کیا مگر کیرئر اب ڈھل چکا تھا۔ آخر باضابطہ ریٹائر ہوگئی۔ پچھلے چند برسوں سے مسائل لگتا ہے بڑھنے لگے تھے۔ میں ثانیہ مرزا کو قصور وار نہیں ٹھیرا رہا، صرف ایک بیک گرائونڈ فیکٹ کے طور پر بتا رہا ہوں کہ وہ بہت مضبوط فیمنسٹ خاتون ہیں ایسی جن کے پارٹنر کو خاصے کمپرومائزز کرنے پڑتے ہیں۔

اب یہی دیکھ لیں کہ شعیب ثانیہ کے بیٹے کا نام ازہان ہے۔ دنیا بھر میں فیملی سرنیم والد کی طرف سے لگتا ہے بلکہ بہت سی فیملیز میں باپ دادا کا چل رہا ہوتا ہے، کینیڈی، کلنٹن، بش، ٹرمپ فیملیز وغیرہ۔ اور بھی بہت سے ممالک میں مثالیں ملیں گی۔ خود انڈیا میں اندرا گاندھی جیسی مضبوط اور آہنی شخصیت نے بھی اپنے نام کے ساتھ پنڈت نہرو کا نام لگانے کے بجائے اپنے خاوند کی مناسبت سے گاندھی لگایا۔

ثانیہ کے بیٹے کا نام ازہان ملک ہونا چاہیے تھا یا ایسا نام رکھ لیا جاتا جس میں سرنیم ہی نہ آئے۔ ثانیہ مرزا نے بیٹے کا نام ازہان مرزا ملک رکھا۔ ایسا مضحکہ خیز نام رکھنے کی کوئی تک نہیں۔ لڑکا یا مرزا ہوگا یا ملک؟ دونوں مختلف قومیں ہیں، مختلف نسب۔ سو فی صد یقین کے ساتھ کہا جا سکتا ہے کہ بچے کی تعلیم تربیت، عقائد، مسلک ہر چیز پر ثانیہ مرزا ہی کی مرضی اور سوچ چلے گی۔

ثانیہ اور شعیب ملک پاکستان، انڈیا میں کئی ٹی وی انٹرویوز پر آئے، ہر جگہ ثانیہ چھائی رہیں، ثانیہ کا امیج ایک تنک مزاج، زود رنج، بغیر لحاظ حساب چکانے والی تیز دھار فائٹر خاتون کا سا بنا۔ شعیب خوش مزاج، شوخ سا آدمی ہے، وہ ہنس کر ٹال جاتا۔

یہ سب چیزیں مگر رفتہ رفتہ رشتوں کو مشکل اور پیچیدہ بناتے ہیں۔ ایک فریق برداشت اور درگزر کا مظاہرہ کرے تب بھی ایک خاص وقت کے بعد اس کے لئے مشکل ہوجاتا ہے۔ میرے حساب سے تو یہ شادی جو تیرہ چودہ سال نکال گئی ہے، یہ بھی کرشمے سے کم نہیں۔ جیسا کہ اوپر لکھا، دونوں کا سپورٹس کیرئر اس رشتے کو طویل کر گیا، ورنہ شائد سات آٹھ سال پہلے ہی ختم ہوجاتا۔

یہ عین ممکن ہے کہ شعیب ملک کا قصور ہو اور جیسا کہ بعض ذرائع سے خبریں آئی ہیں کہ شعیب ملک کی دیگر خواتین میں دلچسپی سے ثانیہ مرزا برہم تھیں اور یہی وجہ بنی۔ یہ بات خارج از امکان نہیں کہ دونوں سیلبریٹی ہیں اور ایسے مواقع ظاہر ہے عام آدمیوں سے بہت زیادہ شعیب ملک کو میسر ہیں۔

تاہم یہ بھی ممکن ہے کہ صورتحال ایسی نہ ہو اور ایک طاقتور، خود پسند، دوسروں کو دبانے کی قوت رکھنے والی مضبوط فیمنسٹ خاتون کے ساتھ مزید گزارا کرنا ملک کے لئے ممکن نہ رہا ہو اور اس نے ایگزٹ روٹ ڈھونڈنا شروع کر دیا ہو۔

میرا ارادہ اس موضوع پر لکھنے کا نہیں تھا، پچھلے چند گھنٹوں میں اتنی مختلف قسم کی تحریریں پڑھیں کہ لکھنے پر مجبور ہوگیا۔ مقصد صرف یہ ہے کہ بھائی لوگو فوری طور پر ایک نتیجہ نہ نکال لو۔ ہر طلاق میں صرف مرد قصور وار نہیں ہوتا اور ہر دوسری شادی کرنے والا مرد مجرم یا گناہگار نہیں۔ غیر اخلاقی تعلق رکھنے سے شادی کرنا ہر حال میں بہتر اور افضل ہے۔

البتہ دوسری شادی کے لئے شوبز حلقوں سے انتخاب بہرحال ایک رسکی فیکٹر ہے۔ ملک نے یہ رسک لیا ہے۔ اللہ کرے کامیاب ہو۔ شوبز میں بھی کامیاب شادیاں بہرحال ہیں، اگرچہ ان کی شرح قدرے کم ہے۔

Check Also

Hafiz Ki Jamaat

By Najam Wali Khan